17 جون ، 2017
قیصر بٹ
پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندر کے فخر زمان قومی کرکٹ ٹیم میں آئے اور چھا گئے، وہ پاکستانی بیٹنگ لائن کو حریف بولرز پر حاوی ہونے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کر رہے ہیں، اب نظریں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل پر ہیں۔
فخر زمان کہتے ہیں کہ بیٹنگ جارحانہ ہی کریں گے، انہیں یہی کردار دیا گیا ہے۔
فخر زمان اپنی جارحانہ بیٹنگ کے باعث سب کی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں ، قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے، تین میچ کھیلے اور تینوں میں پاکستان کو فتح نصیب ہوئی۔
جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا اور31 رنز اسکور کیے۔
اگلے ہی میچ میں سری لنکا کے خلاف نصف سنچری بنا ڈالیاور انگلینڈ کے خلاف دوسری مسلسل نصف سنچری بھی بنا دی ۔
فخر زمان پی ایس ایل میں لاہور قلندر کی دریافت ہیں، اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں فخر نے کہا کہ آج اگر میں پاکستانی ٹیم میں ہوں تو اس میں لاہور قلندر کا بہت اہم کردار ہے جس نے مجھے پاکستان سپر لیگ کے پلیٹ فارم کے ذریعے موقع فراہم کیا اور انٹرنیشنل کرکٹرز کے ساتھ کھیل کر مجھے بہت فائدہ ہوا ۔
اب فخر زمان بھارت کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کی امیدوں کا مرکز ہیں اور پوری طرح تیار بھی، کہتے ہیں کہ جارحانہ بلے بازی ہی ان کی پہچان ہے اور انہیں ٹیم میں کردار بھی یہی دیا گیا ہے۔
امید کی جا رہی ہے فخر فائنل میں بھی بہتر کارکردگی دکھائیں گے اور ان کے بلے نے رنز پہلے کی طرح ہی اگلے تو پاکستان جیت بھی سکتا ہے۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کے چیئر مین فواد رانا نے فخر زمان کو ان کی قومی ٹیم میں عمدہ کارکردگی پر شاباش دیتے ہوئے انہیں لاہور قلندرز کا فخر قرار دیا ہے۔
فواد رانا نے فخر زمان سے کہا ہےکہ ایسے ہی کھیلنا ہے گھبرانا نہیں۔