20 جون ، 2017
وہ ہوگیا جو کسی نے سوچا بھی نہیں تھا۔ ’باہو بلی2‘ نے دوسروں کے ریکارڈز توڑنے کیلئے اپنے ریکارڈز کی بارش کردی اوردنیا بھر میں ایک ہزار کروڑ کمانے والی پہلی بھارتی فلم بنی۔
’باہو بلی‘ نے ’دنگل ‘کے سارے ریکارڈ توڑ ڈالے۔ دنگل تو دنیا بھر میں داوٴ پیچ دکھا کر 800کروڑ سے پہلے ہی آوٴٹ ہوگئی تھی۔سب کا یہی کہنا تھا کہ ’باہو بلی‘ کے آگے کوئی نہیں ٹک پائے گا لیکن عامر نے ہمت نہیں ہاری تھی کیونکہ دنگل کو ابھی چین میں ریلیز ہونا تھا۔
پھر ’دنگل‘ کو چین کے کروڑوں کا تڑکہ لگا اور ایسا لگا کہ جیسے کروڑوں کی بارش ہوگئی ہو ۔چین میں ’دنگل‘ نے صرف47دنوں میں 1200کروڑ کمائے یعنی فلم کی اب تک چین میں ایک دن کی اوسط کمائی25کروڑ ہے۔
اس دوران’ دنگل‘ نے چین میں ایک دن میں سو کروڑ کا چھکا بھی کئی بار لگایا۔یاد رہے چین میں ’دنگل‘ سے پہلے بالی وڈ کی سب سے کامیاب فلم عامر خان کی ہی ”پی کے“ تھی۔اُس فلم نےچین میں سو کروڑ ہی کمائے تھے۔
’دنگل‘ نے چین میں بزنس کرنے والی سب سے کامیاب ایسی فلم کا اعزاز بھی حاصل کیا جس کا تعلق ہالی وڈ سے نہیں تھا۔اگر ہالی وڈ اور چینی سنیماکے ریکارڈ زکو شامل کیاجائے تو بھی ’دنگل ‘آل ٹائم ٹاپ 20ہٹ فلموں میں شامل ہے۔
’دنگل‘ کو چین میں 30دن کیلئے ریلیز کیا گیاتھا لیکن پھرفلم کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے’ دنگل‘ کو مزید 30دن کا وقت دیا گیا ہے۔دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ملک چین میں 40ہزار سے زائد سینما اسکرینز ہیں۔
دوسرا نمبر امریکا کا ہے جہاں 39 ہزار سینما اسکرینز ہیں۔بھارت میں اسکرینز کی تعداد اب 15ہزار پر پہنچ گئی ہے۔عامر خان کی چین میں” فین فالوئنگ“زبردست ہے۔اسی چین میں عامر خان کی ”پی کے“ نے سو کروڑ کا چھکا لگا یا تھا۔
عامر خان ہی کی” دھوم تھری“ اور ”تھری ایڈٹس“ بھی چین میں مل کر سو کروڑ کماچکی ہیںاور اب ’دنگل‘ نے 1200کروڑ کی کمائی کرلی۔
عامر کی’ دنگل‘ کی تعریف چینی وزیر صدر نے بھی سرکاری طور پر کی۔چین نے ’دنگل ‘کو بالی وڈ کی پہلی فلم بنادیا ہے جس نے دنیا بھر میں 2ہزار کروڑ کا بزنس کیا ہے۔
پاکستانی روپوں میں ’دنگل‘ کا دنیا بھر میں بزنس 32ارب روپے ہوچکا ہے۔