24 جون ، 2017
عالمی مارکیٹ میں خام تیل گزشتہ ہفتے کے دوران 2 ڈالر مزید سستا ہو کر 10 ماہ کی کم ترین سطح 43 ڈالر فی بیرل پر آگیاجس کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم منصوعات سستی ہونے کا امکان ہے۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی اہم وجہ امریکی خام تیل کے پیداوار بنی ہے جس سے سپلائی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
امریکی صارفین کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی طلب کم ہونے پر ذخائر میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کہ وجہ سے ہفتے کے اختتام پر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے سودے 2 ڈالر کے قریب سستاہونے کے بعد 10 ماہ کی کم ترین سطح 43 ڈالر 1 سینٹ فی بیرل پر بند ہوا۔
معاشی تجزیہ نگار مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ پاکستان پیٹرولیم مصنوعات کا تقریبا 80 فیصد حصہ درآمد کرتا ہے اور عالمی مارکیٹ میں گراوٹ سے عوام کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے فائدہ ہوگا لیکن اس کا دارو مدار حکومت پر ہوگا کہ وہ عوام کو کتنا فائدہ منتقل کرتی ہے۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق پیٹرول سوا دو روپے فی لیٹر اور ڈیزل چار روپے لیٹر سستا ہوسکتا ہے ۔