خصوصی رپورٹس
26 جون ، 2017

میٹھی عید کی 2 میٹھی ڈشیں

میٹھی عید کی 2 میٹھی ڈشیں

میٹھی عید کے میٹھے میٹھے مزے ابھی جاری ہیں اور دسترخوان جہاں چٹ پٹے کھانوں سے سجے ہوئے ہیں وہیں ہم آپ کو اس عید پر 2 اسپیشل میٹھی ڈشیں بنانے کی ترکیب بتاتے ہیں جس سے عید کا مزہ دوبالا ہوجائے گا۔

خواتین عید کا دستر خوان بریانی،کباب، قیمہ، پراٹھے اور کچوریاں سمیت مزے مزے کے کھانوں سے سجاتی ہیں لیکن اب میٹھے میں شیر خورمے کے ساتھ دیگر میٹھی ڈشز بھی بنائی جاتی ہیں جس میں اسپیشل ربڑی کھیر اور شاہی ٹکڑے بھی شامل ہیں۔

میٹھی عید کی پہلی میٹھی ڈش میں اسپیشل ربڑی کھیر شامل ہے جسے بنانے کا طریقہ کچھ اس طرح ہے۔

اسپیشل ربڑی کھیر:

اجزاء:

چاول 2 مُٹھی (پسے ہوئے)، دودھ 2 کلو، چینی ایک کپ، الائچی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، کیوڑہ ایسنس 2 سے 3 قطرے، تازہ ربڑی ایک پاؤ (لچھے دار)، بادام اور پستہ حسبِ ضرورت۔

ترکیب:

دودھ کو اتنا پکائیں کہ اُس کی رنگت ہلکی گلابی ہوجائے۔ پھر دودھ میں چاول ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں یہاں تک کہ چاول اچھی طرح گَل جائیں۔ پھر اس میں چینی شامل کریں اور کچھ دیر پکائیں۔

اب الائچی پاؤڈر اور خشک میوے ڈال کر ان چیزوں کو 10 منٹ تک پکائیں۔

کھیر درمیانی گاڑھی ہونے لگے تو چولہے سے اْتار لیں۔ ربڑی اور کیوڑہ ایسنس ڈال کر ہلکا مکس کرلیں اور پھر ٹھنڈا کرنے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔

لیجیے انتہائی آسان میٹھی ڈش اسپیشل ربڑی کھیر تیار ہے۔

عید کی دوسری ڈش کرسپی شاہی ٹکڑے ہیں جنہیں بنانا بھی بہت ہی آسان ہے اور یہ جھٹ پٹ تیار ہوسکتے ہیں۔

کرسپی شاہی ٹکڑے:

اجزاء:

ڈبل روٹی کے سلائس 8 عدد، کنڈینسڈ ملک ایک پیکٹ، چھوٹی الائچی 4 عدد، بادام حسب ضرورت باریک کٹے ہوئے، گھی حسب ضرورت، کارن فلور ایک کھانے کا چمچہ، چینی آدھا کھانے کا چمچہ۔

ترکیب:

پہلے ایک کڑاہی میں حسبِ ضرورت گھی گرم کرکے اس میں ڈبل روٹی کے سلائس ڈیپ فرائی کریں اور گولڈن براؤن ہونے پر نکال کر اخبار پر پھیلادیں تاکہ چکنائی جذب ہوجائے۔

فرائنگ پین کو ہلکی آنچ پر گرم کریں اور اب کنڈینسڈ ملک میں کارن فلور، چھوٹی الائچی اور چینی ملاکر فرائنگ پین میں ہلکا سا پکائیں جب وہ گاڑھا ہوجائے تو اسے اْتار کر تلے ہوئے سلائسز کے اوپر لگاکر درمیان سے 2 ٹکڑے کرلیں یا گول کٹر سے کاٹ لیں۔

 پھر اوپر سے باریک کٹے بادام چھڑک کر ڈش میں نکال لیں۔

لیجیے آپ کی میٹھی عید کی 2 اسپیشل میٹھی ڈشیں تیار ہیں اب اسے اپنے دسترخوان کی زینت بنا کر عید کا مزہ دوبالا کریں۔

مزید خبریں :