29 جون ، 2017
بالی وڈ کی 45 سالہ اداکارہ تبو نے شادی نہ کرنے کی وجہ اجے دیوگن کو قرار دے دیا۔
تبو فلم نگری میں کسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں اور فنی کیرئیر میں اب تک کئی نامور اداکاروں کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
اداکارہ تبو کا شمار ادھیڑ عمر اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے 45 سال عمر ہونے کے باوجود اب تک شادی نہیں کی جب کہ فلمی کیرئیر میں ان کے کئی اداکاروں کے ساتھ معاشقے رہے ہیں۔
تبو اور اجے دیوگن فلم نگری میں بہت اچھے دوست مانے جاتے ہیں اور دونوں 25 سال سے دوست ہیں لیکن اداکارہ نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں اب تک شادی نہ کرنے کی وجہ بھی ایکشن اسٹار اجے دیوگن کو قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اور اجے 25 سال سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں جب کہ اجے اور میرا کزن سمیر آریا پڑوسی اور اچھے دوست تھے لہٰذا جب میں نوجوان تھی تو سمیر اور اجے میری کڑی نگرانی کرتے تھے۔
اداکارہ نے کہا کہ کوئی بھی لڑکا مجھ سے بات کرتا تو یہ لوگ اسے ڈراتے دھمکاتے اور پیٹ دیتے تھے لہٰذا اگر آج میں شادی شدہ نہیں ہوں تو اس کی وجہ صرف اور صرف اجے ہے اور میں امید کرتی ہوں اجے نے جو کیا اس پر انہیں ملال بھی ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں تبو کا کہنا تھا کہ میں ہر دوسرے دن اجے سے اپنے لیے اچھا لڑکا ڈھونڈنے کا کہتی ہوں لیکن یہ مذاق ہے، دراصل میرا اور اجے کا رشتہ بہت اچھا ہے اور تمام اداکاروں میں وہ مجھے عزیز ہے۔
بالی وڈ اداکارہ تبو اور اجے نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے جس میں ’’ وجے پاتھ‘‘، ’’حقیقت‘‘، ’’تھکشک‘‘ اور ’’ڈرشیم‘‘ شامل ہیں لیکن اب دونوں اداکاروں کی جوڑی روہت شیٹھی کی کامیڈی فلم ’’گول مال اگین‘‘ میں نظر آئے گی۔