11 جولائی ، 2012
کراچی … کراچی کے علاقے حب چوکی کے قریب بس اسٹاپ پر دھماکے میں 18 افراد زخمی ہوگئے، 4 کی حالت تشویشناک ہے، پولیس کے مطابق دھماکے میں سپارکو کی بس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ایس ایس پی عامر فاروقی کا کہنا ہے کہ حب چوکی کے قریب بس اسٹاپ پر دھماکا سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے اس وقت ہوا جب سپارکو کی بس گزر رہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے سے سپارکو کی بس کو نقصان پہنچا ہے جس میں متعدد افراد سوار تھے ، ڈرائیور سمیت کئی افراد زخمی ہوئے۔ نمائندہ جیو نیوز مشتاق کمبوہ نے بتایا ہے کہ دھماکے کے بعد رینجرز کے اہلکاروں نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا جبکہ ماڑی پور اور مواچھ گوٹھ پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ دھماکے میں زخمی افراد کو مقامی نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ 6 زخمیوں کو ایدھی اور چھیپا کی ایمبولینسوں کے ذریعے کراچی کے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خیز مواد سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے سے تباہ ہونے والی سائیکل کے ٹکڑے روڈ پر دو ر دور تک بکھر گئے۔