پاکستان
12 جولائی ، 2012

این آر او کیس: وزیراعظم کو خط لکھنے کا حکم، 25 جولائی تک جواب طلب

این آر او کیس: وزیراعظم کو خط لکھنے کا حکم، 25 جولائی تک جواب طلب

اسلام آباد … این آر او عملدرآمد کیس میں سپریم کورٹ نے موجودہ وزیراعظم کو سوئس حکام کو خط لکھنے کا حکم دیتے ہوئے 25 جولائی تک جواب داخل کرنے کی ہدات کردی، ایسا نہ کرنے کی صورت میں عدالت کوئی بھی ایکشن لے سکتی ہے۔ اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ کے بینچ نے اپنے حکم میں لکھا ہے کہ عدالت نے کل وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات کے بیان کو نوٹ کیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ آئین ایسا خط لکھنے کی اجازت نہیں دیتا۔ سپریم کورٹ نے اپنے مختصر فیصلے میں موجودہ وزیراعظم راجا پرویز اشرف کو بھی حکم دیا ہے کہ وہ سوئس حکام کو خط لکھیں اور 25 جولائی تک جواب داخل کریں۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ ایسا نہ کرنے پر سپریم کورٹ کوئی بھی ایکشن لے سکتی ہے،۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل پاکستان کا جواب غیر تسلیم بخش قرار دے دیا جبکہ عدالتی حکم پر عملدر آمد کرکے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ مختصر حکم نامے میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ عدالت نے اٹارنی جنرل کو وزیراعظم سے ہدایت لینے کاحکم دیا تھا، عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے پر سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کو توہین عدالت کانوٹس جاری کیاگیا۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے پہلے حکم دیا تھا کہ وزیراعظم کسی مشورے کے بغیر عملدرآمدکریں، اٹارنی جنرل کو کہا تھا کہ یہ حکم وزیراعظم تک پہنچائیں، یوسف رضا گیلانی کو یہ بھی کہا تھا کہ وزیراعظم مشیروں پر ذمہ داری نہیں ڈال سکتے۔

مزید خبریں :