21 اگست ، 2017
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد نے پاک سرزمین پارٹی اور مہاجر قومی موومنٹ کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے عامر خان، فیصل سبزواری اور کامران ٹیسوری پر مشتمل وفد نے پاک سرزمین پارٹی کے دفتر کا دورہ کیا۔
پاک سرزمین پارٹی کے حفیظ الدین، ڈاکٹر صغیر اور وسیم آفتاب نے وفد کا استقبال کیا اور ان سے خیریت دریافت کی۔
اس موقع پر سیاسی صورتحال اور بلدیاتی حکومتوں سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ایم کیو ایم کے وفد نے 22 اگست کو بلائی جانے والی کل جماعتی کانفرنس میں پی ایس پی کو شرکت کی دعوت بھی دی۔
ایم کیوایم پاکستان نے پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور اے این پی کو بھی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران پی ایس پی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ نے کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام ایک ملک دشمن سے نجات کا دن منارہے ہیں، یقین ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان سندھ کے عوام کی آواز سن رہی ہے۔
انیس ایڈووکیٹ نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کے پرچم کی توہین کرتے ہیں ان کو بے نقاب کیا جائے، بانی متحدہ اور اس کے ساتھیوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور اسی میں بقا ہے کہ اس غدار وطن سے ایم کیو ایم پاکستان بھی مکمل لاتعلقی کا اعلان کرے ۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان کا کہنا تھا کہ دو جماعتوں کا ایک ساتھ کھڑا ہونا خوش آئند ہے، ایم کیو ایم پاکستان بانی متحدہ سے پہلے ہی لاتعلقی کا اعلان کرچکی ہے، ہمیں متنازع گفتگو سے پرہیز کرنا چاہیے۔
عامر خان نے کہا کہ اے پی سی میں پاکستان بالخصوص سندھ میں کرپشن پر بات ہوگی، ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کی بہتری کے لیے متفقہ لائحہ عمل طے کریں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ قاتل اور مقتول کی سیاست ہم نہیں ہونے دیں گے، ہمارا عزم ہے کہ ہماری صفوں میں کوئی قاتل نہیں ملے گا، سب کے پاس جاکر ہم آج اس قوم کا قرض چکا رہے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کا وفد اے پی سی میں شرکت کی دعوت دینے کے لئے پیپلزپارٹی کے پاس بھی پہنچا جہاں پی پی رہنما نثار کھوڑو اور دیگر سے ملاقات کے دوران کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں تمام جماعتوں کو مجبوریوں ، مصلحتوں سے آگے بڑھ کر دعوت دی، تمام سیاسی جماعتیں اچھے ماحول کے لیے کل اے پی سی میں شرکت کریں اور پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے مثبت سوچ کے ساتھ شرکت کریں۔
دوسری جانب ایم کیوایم پاکستان کا وفد مہاجر قومی موومنٹ کے چیرمین آفاق احمد کے پاس پہنچا اور انہیں بھی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جو آفاق احمد نے قبول کرتے ہوئے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔
آفاق احمد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ سیاسی نظریات ایک جگہ ہیں مگر ہمیں ملنا چاہیے۔
جب کہ آفاق احمد کا کہنا تھا کہ عوام نے سیاسی رویوں میں تبدیلی کو اچھا محسوس کیا ہے اس لئے دعوت نامے کو سب نے قبول کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہاجر قوم کے مسائل اور کراچی کے وسائل پر ہم اپنا مؤقف دیں گے۔
بعد ازاں ایم کیو ایم کے دو مختلف وفود نے جماعت اسلامی کے مرکز ادارہ نور حق اور عوامی نیشنل پارٹی کے مرکز مردان ہاؤس میں جا کر انہیں بھی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔