13 جولائی ، 2012
کوئٹہ… کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک بازار میں دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک بچی سمیت2افراد ہلاک اور 7زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ کو چمن اور دوسرے علاقوں سے ملانے والے کچلاک بازار کے قریب دھماکا ہوا جس کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں اور ایمبولینس موقع پر جاتی دیکھی گئیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ علاقے میں اے این پی کا جلسہ جاری تھا اور خود کچلاک بازار میں اس وقت شدید رش تھا۔زخمی ہونے والوں میں اے این پی کے رہنما ملک قاسم بھی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد سول اسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار محمد چوہدری بلوچستان امن و امان کیس کے سلسلے میں کوئٹہ میں موجود ہیں جبکہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو آج کوئٹہ کا دورہ کرنا تھا جس کے پیش نظر ان کے روٹ پر موجود چار نجی اسکولوں میں چھٹی کر دی گئی۔