دنیا
Time 01 ستمبر ، 2017

27 ہزار روہنگیا مسلمانوں کی بنگلہ دیش ہجرت

رنگون: اقوام متحدہ کے مطابق حالیہ پرتشدد کاررائیوں کے نتیجے میں 27 ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان میانمار سے بنگلہ دیش ہجرت کرگئے ہیں جبکہ کئی افراد دریاؤں کے ذریعے منتقل ہونے کی کوشش کے دوران ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ آرمی آپریشنز اور پرتشدد کارروائیوں سے بچنے کے لیے مزید 20 ہزار افراد بنگلہ دیشی سرحد پر موجود ہیں اور میانمار سے بنگلہ دیش جانا چاہتے ہیں۔

جمعے کے روز دریائے ناف سے بنگلہ دیشی حکام نے 16 لاشوں کو نکالا جس کے بعد ڈوبنے والے افراد کی تعداد 39 ہوچکی ہے۔

بنگلہ دیشی حکام کے مطابق یہ لاشیں کئی روز سے پانی میں موجود تھیں جن میں ایک چھوٹی بچی کی لاش بھی برآمد کی گئی ہے۔

اس بحران کا آغاز گزشتہ جمعے کو اس وقت ہوا جب عسکریت پسندوں نے میانمار پولیس کی ایک پوسٹ پر حملہ کرکے 11 سرکاری اہلکاروں کو ہلاک کردیا اور کئی دیہاتوں میں آگ لگادی۔

بعدازاں میانمار کی سیکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کا آغاز کردیا۔

مزید خبریں :