Time 05 ستمبر ، 2017
کھیل

ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان، علیم ڈار ایک میچ سپروائز کریں گے

پاکستان کے معروف امپائر علیم ڈار پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تاریخی سیریز کا صرف ایک میچ سپروائز کریں گے۔

علیم سرور ڈار جنھیں دنیا میں بہترین امپائرنگ کے اعتراف میں 2009، 2010 اور 2011ء میں "آئی سی سی امپائر آف دا ائیر " ایوارڈ سے نواز گیا۔

 دنیا بھر میں معروف امپائر علیم ڈار پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تاریخی ٹی 20 سیریز کے 12 ستمبر کو ہونے والے پہلے میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

49 سالہ علیم ڈار جو گراونڈ میں 41 ٹی 20 انڑنیشنلز میں امپائرنگ کا تجربہ رکھتے ہیں  اور پہلی مرتبہ پاکستان میں کسی ٹی 20 انڑنیشنل میں امپائرنگ کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

114 ٹیسٹ اور 185 ون ڈے میں امپائرنگ  کے فرائض سر انجام دینے والے علیم سرور ڈار اس وقت چٹاگانگ میں میزبان بنگلہ دیش اور ورلڈ چیمپئن آسڑیلیا کے دوسرے ٹیسٹ میں بطور ٹی وی امپائر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

علیم ڈار پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی 20 میچوں کے پہلے میچ میں امپائرنگ کرکے دبئی روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ آئی سی سی امپائرزورکشاپ میں شرکت کریں گے۔

یاد رہے علیم ڈار اس سال 7 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں " پاکستان سپر لیگ" میں کوئٹہ گلیڈئیڑ اور پشاور زلمی کے فائنل میچ میں سری لنکا میں فرائض کی انجام دہی کے باعث  دستیاب نہیں تھے۔

انڑنیشنل کرکٹ کونسل نے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان رچی رچرڈسن کو لاہور میں پاکستان اور ورلڈ الیون کے تین ٹی 20 میچوں کے لئے میچ ریفری مقرر کیا ہے۔

جب کہ آئی سی سی قوانین کے مطابق میچوں میں پاکستانی امپائرز فرائض انجام دیں گے۔

مزید خبریں :