Time 06 ستمبر ، 2017
پاکستان

پشاور میں شادی سے انکار پر 24 سالہ طالبہ قتل

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں شادی سے انکار پر یونیورسٹی کی طالبہ کو اپنے ہی گھر میں قتل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ پشاور کے علاقے تہکال میں پیش آیا جبکہ پولیس ایک ہفتہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود قاتل کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

مبینہ قاتل خود کئی پوتوں کا دادا ہے جو عالیہ نامی 24 سالہ لڑکی سے شادی کا خواہشمند تھا جبکہ انکار پر طالبہ کو گھر کی دہلیز پر گولیوں سے چھلنی کردیا گیا۔

مقتولہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ ’میری بیٹی کو ظالم شخص نے قتل کردیا۔ ہم کیسے رشتہ قبول کرلیتے، وہ تو خود دادا بن چکا تھا۔‘

عالیہ کے بھائی کے مطابق مبینہ قاتل کئی مرتبہ رشتہ بھیج چکا تھا تاہم آخری مرتبہ اس نے وعدہ کیا تھا وہ دوبارہ رشتہ نہیں بھیجے گا۔

پولیس کے مطابق مبینہ قاتل کی گرفتاری کے لئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم تاحال گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

مزید خبریں :