10 ستمبر ، 2017
پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر عاصم حسین لندن روانہ ہوگئے۔
سندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عاصم حسین کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد وہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لندن روانہ ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاصم غیر ملکی پرواز ای کے 601 سے لندن براستہ دبئی روانہ ہوئے جب کہ ان کے ہمراہ ان کی والدہ ڈاکٹر اعجاز فاطمہ بھی تھیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان میرا گھر ہے اور میرا جینا مرنا یہیں ہے، بیرون ملک سے علاج کرا کر واپس آؤں گا اور پھر دوسروں کا علاج کروں گا۔
خیال رہے کہ عدالت نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ ڈاکٹر عاصم ایک مہینے بعد علاج کرا کے واپس آجائیں جب کہ عدالت 60 لاکھ روپے زر ضمانت کے عوض ان کی ضمانت منظور کی۔
ڈاکٹر عاصم کو رینجرز نے دہشت گردوں کے علاج و معالجے کی سہولت کے الزام میں گرفتار کیا تھا جب کہ ان پر 479 ارب روپے کی کرپشن کا بھی الزام ہے جس میں ان کے خلاف نیب نے ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے 29 مارچ کو ڈاکٹر عاصم کی ضمانت منظور کی جس کے بعد انہیں 31 مارچ کو رہا کیا گیا تھا۔