10 ستمبر ، 2017
پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے نوجوان فاسٹ بولر شاہین آفریدی سے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی فرنچائز ڈھاکا ڈائنامائٹس نے معاہد کرلیا۔
شاہین آفریدی بنگلہ دیشی لیگ کی فرنچائز سے 2 سالہ معاہدے کے بعد رواں سال لیگ میں سری لنکا کے لیجنڈری کرکٹر کمارا سنگاکارا، شاہد خان آفریدی اور ویسٹ انڈیز اسٹار سنیل نارائن کے ساتھ ایکشن میں نظر آئیں گے۔
شاہین آفریدی نے گزشتہ سال پی سی بی کے انڈر 16 ٹیلنٹ ہنٹ کیمپ میں بولنگ کرا کر منتظمین کو متاثر کیا تھا۔
نوجوان بولر نے محض سولہ سال کی عمر میں 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھی بولنگ کرائی تو وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد کی نظروں میں آگئے۔
جس کے بعد شاہین آفریدی کو خصوصی تربیت دی گئی جس سے ان کی بولنگ میں مزید نکھار آیا۔
نوجوان فاسٹ بولر آئندہ سال پاکستان سپر لیگ میں بھی دکھائی دیں گے۔