12 ستمبر ، 2017
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے گزشتہ برس کئے گئے وعدے کو پورا کرتے ہوئے پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان میچز میں مالی لحاظ سے بھی اپنا حصہ بھی ڈالا ہے۔
آئی سی سی نے گزشتہ برس اکتوبر میں ہونیوالی میٹنگ میں پی سی بی کی درخواست پر کہا تھا کہ وہ پاکستان کے مالی نقصانات کو کم کرنے کیلئے اپنا کردار ضرور ادا کرے گا۔
پاکستان نے آئی سی سی سے درخواست کی تھی کہ وہ اس کے مالی نقصان کیلئے فنڈ قائم کرے، جو آئینی طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کیلئے ممکن نہ تھا۔
تاہم آئی سی سی اب آزادی کپ کے سیکیورٹی انتظامات کے اخراجات برداشت کرکے اپنا وعدہ نبھا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سیریز کیلئے دو غیر ملکی سیکیورٹی اداروں کو 12 لاکھ ڈالرز کی ادائیگی کررہا ہے۔ ان اداروں کو نامزد بہرحال پاکستان کرکٹ بورڈ نے خود ہی کیا تھاتاہم ان کے اخراجات آئی سی سی اٹھا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کرکٹرز کو پاکستان کے دورے پر راضی کرنے میں ان غیر ملکی ایکسپرٹس کی رپورٹ نے اہم کردار ادا کیا کیوں کہ دنیا کے بیشتر ملک، بشمول کھلاڑیوں کی مضبوط ترین تنظیم فیکا بھی انہی سیکیورٹی ایکسپرٹس کی رائے پر بھی فیصلے کرتی ہے۔