19 ستمبر ، 2017
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو احتساب عدالت میں پیش نہیں ہونا چاہیے اور نہ وہ ہوں گے۔
اپنے ٹوئیٹر پیغام میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا احتساب کی آڑ میں نواز شریف کو سیاسی اور ذاتی انتقام کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ یہ سارا معاملہ ایک ڈھونگ ہے۔
پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کے حکم پر بننے والے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم تحفظات کے باوجود پیش ہوئے اور اس امید کےساتھ پیش ہوئے کہ عدالتی نظام قانونی راستہ اختیار کرے گا اور کسی دباؤ میں نہیں آئے گا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن، حسین اور مریم نواز کے علاوہ کیپٹن (ر) محمد صفدر اور کو آج احتساب عدالت کے روبرو پیش ہونا تھا تاہم ان میں سے کوئی شخص پیش نہ ہوا۔
عدالت نے عدم پیشی پر شریف فیملی کو 26 ستمبر کو دوبارہ طلب کرلیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف تین نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران نیب کی سات رکنی ٹیم نے پاناما کیسز میں نیب کی نمائندگی کی جس میں اسپیشل پراسیکیوٹر سردار مظفر، عمران شفیق، افضل قریشی، سہیل عارف، اصغر خان، عرفان بھولا اور واثق ملک شامل تھے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیتے ہوئے نیب کو نواز شریف، ان کے بچوں اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔