Time 24 ستمبر ، 2017
پاکستان

عمران خان نے انتخابات کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ملک میں قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم دوبارہ عوام کا مینڈیٹ حاصل کریں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلیے صاف شفاف الیکشن کرائے جائیں، شاہد خاقان عباسی بہت کمزور وزیراعظم ہیں، ان پر خود ایل این جی کرپشن کا دھبا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف اور وزیر داخلہ احسن اقبال گھر کی صفائی سے متعلق بیانات دے رہے ہیں، یہ وہی بیانیہ ہے جو بھارت بھی کہتا ہے، چار سال پہلے گھر کی صفائی کا خیال کیوں نہیں آیا؟

انہوں نے کہا کہ جب افغان پالیسی بن رہی تھی تو ہمارا وزیر خارجہ ہی نہیں تھا جبکہ وزیراعظم نواز شریف پاناما کیس میں لگے ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جو مشرف کے دور میں سرمایہ کاری آئی تھی اس سے کم پی پی پی اور اس سے بھی کم ن لیگ کے دور میں آئی۔

عمران خان نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اب بھی کہتے ہیں نواز شریف ہی میرے وزیراعظم ہیں، کوئی مثال بتادو کہ نااہل شخص پارلیمنٹ میں نہیں آسکتا لیکن پارٹی کا لیڈر بن سکتا ہے، جمہوریت کا تقاضہ ہے کہ وزیراعظم خود کو احتساب کیلیے پیش کریں۔

سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ وزیراعظم الیکشن کرانے کا اعلان کرکے مینڈیٹ دوبارہ لیں اور ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کا نیا چیئرمین چاہتے ہیں، نیب نواز شریف اور اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو نہیں ہونا چاہیے۔

عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک انتظامی ادارہ ہے، اس کو اختیار نہیں ہے کہ وہ توہین کا نوٹس دے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں فوری انضمام ہونا چاہیے، اتفاق رائے ہے تو حکومت فاٹا کو کے پی میں ضم کیوں نہیں کرتی۔

مزید خبریں :