27 ستمبر ، 2017
اسلام آباد: تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی میں شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن لیڈر کا امیدوار بنانے پر تقسیم ہوگئے ہیں۔
تحریک انصاف اور ایم کیوایم پاکستان قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے لیے سرگرم ہیں جس کے لیے دونوں جماعتوں کے درمیان باضابطہ ملاقات بھی ہوچکی ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بنانے کے معاملے پر تحریک انصاف میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں اور پی ٹی آئی اراکین نے شاہ محمود کو اپوزیشن لیڈر کا امیدوار تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ 20 ستمبر کو تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں عمران خان کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بنانے پر اتفاق رائے ہوا تھا اورپی ٹی آئی ارکان نے فیصلہ کیا تھا کہ اپوزیشن لیڈر صرف عمران خان ہی ہوں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن لیڈر کا امیدوار بنانے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔