Time 06 اکتوبر ، 2017
پاکستان

نااہلی کیس: عمران خان نے جمائما کو رقوم کی ادائیگی کی تفصیلات پیش کردیں

اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے سابق اہلیہ جمائما کو 5 لاکھ 60 ہزار پاؤنڈز کی ادائیگی کی تفصیلات سپریم کورٹ میں پیش کردیں۔

سپریم کورٹ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر درخواست پر سماعت جاری ہے جس میں عمران خان کے وکیل نے اپنے مؤکل کی جانب سے سابق اہلیہ جمائما کو ادا کیے گئے 5 لاکھ 60 ہزار پاؤنڈز کی تفصیلات پیش کردی ہیں جس میں نیازی سروسز کے اکاؤنٹ سے جمائما کو 5 لاکھ 60ہزار پاْؤنڈ کی ادائیگی تفصیلات شامل ہیں۔

عدالت کو دی گئی تفصیل کے مطابق بنی گالہ کی تعمیرکے نقشے کے79 ہزار پاؤنڈ جمائما نے عمران خان کوبھیجے۔

عمران خان کے جواب میں کہا گیا ہےکہ نیازی سروسز کے اکاؤنٹ سے جمائما کو قرض کی ادائیگی ظاہر ہے، قرض کی ادائیگی کے بعد نیازی سروسزکے اکاؤنٹ میں ایک لاکھ پاؤنڈ باقی رہ گئے اور باقی رہ جانے والی رقم قانونی چارہ جوئی پر خرچ ہوئی۔

چیرمین پی ٹی آئی کے جواب میں 2003 میں الیکشن کمیشن کو دیئے گئے گوشوارے میں رقم جمائما سے آنے کی تفصیل موجود ہے اور جواب میں کہا گیا ہےکہ ایسا کچھ نہیں بچا تھا جو عمران خان اپنے گوشواروں میں ظاہر کرتے، عمران خان 2002 سے2007 تک ممبر قوی اسمبلی رہے، اسمبلی رکنیت کے دوران عمران خان کو نہ رقم ملی نہ ہی کوئی رقم قابل وصول تھی۔

جواب کے مطابق 2013 کے الیکشن تک نیازی سروسز اکاؤنٹ میں پڑی تمام رقم خرچ ہو چکی تھی، اکاؤنٹ میں کوئی ایسی رقم نہیں تھی جو 2013 کے گوشواروں میں ظاہر کی جاتی۔

مزید خبریں :