17 اکتوبر ، 2017
فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ اور ’نامعلوم افراد 2‘ کی نمائش اب بھی ملک کے مختلف سینما گھروں میں جاری ہے۔
بڑی اور بہتر اوپننگ، تنازعات، پابندی پھر اجازت اور بڑی کامیاب فلم کے سیکوئل کے باوجود ”نامعلوم افراد “ پنجاب نہیں جاؤں گی سے مقابلہ ہار گئی۔
دونوں فلموں نے ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 50 کروڑ کے آس پاس بزنس کرلیا ہے اور فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کا بزنس ان کے پروڈیوسرز کے مطابق 28کروڑ سے زیادہ رہا۔
دوسری طرف نامعلوم والے کہتے ہیں کہ ان کی فلم اب تک 22 کروڑ کے قریب کماچکی ہیں لیکن ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ والے یہ بھی دعوی کرتے ہیں کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ان کی فلم 47کروڑ کا بزنس کرچکی ہے یعنی یہ فلم آنے والے دنوں میں پاکستان کی پہلی فلم بن سکتی ہے جس نے دنیا بھر میں50کروڑ کا بزنس کیا ہے۔
پاکستانی فلموں کے بزنس کا جانچنا اتنا آسان نہیں اور اس سے بھی مشکل فلم بزنس کو سمجھنا ہے کہ کون کتنا پیسہ لگا رہا ہے ، کتنے کمارہا ہے، پیسہ کہاں کہاں جارہا ہے اور واپس جیب میں کتنا پیسہ آرہا ہے لیکن ابھی اس مشکل میں پڑنے کے بجائے” ساون “ کا ذکر کرتے ہیں۔
آسکر میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے فائنل ہونے والی اس فلم کو سینماگھروں میں بہت کم لوگوں نے دیکھا اور یہ فلم ایک کروڑ کے آس پاس بزنس کرنے میں بھی ناکام ہوئی۔
بالی وڈ میں تو اس وقت ایک ہی ورون دھون کا راج ہے اور ان کی فلم ’جڑواں 2‘ نے اب تک صرف بھارت میں133 کروڑ بھارتی روپوں کا بزنس کرلیا ہے جب کہ فلم نے دنیا بھر میں کروڑوں کی ڈبل سنچری بھی بنائی۔
ورون کی یہ فلم دنیا بھر میں اس سال کی کامیاب ترین بالی وڈ فلموں میں تیسرے نمبر پر آجائے گی یعنی سلمان کی ”ٹیوب لائٹ “اور اکشے کی” ٹوائلٹ“ سے بہتر بزنس ہوگا اس فلم کا، باہو بلی کا تو اس سال کوئی مقابلہ ہی نہیں لیکن شاہ رخ کی ”رئیس “ ورون کی جڑواں سے آگے ہی رہے گی۔
جڑواں ورون کی مسلسل نویں کامیاب فلم اور اس سال ورون کی دوسری ”سو کروڑ“مووی ہے۔
بالی وڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان”شیف“ بن کر بھی کسی کو متاثر نہیں کرسکے اور فلم نے صرف بھارت میں 6کروڑ اور دنیا بھر میں 10 کروڑکا بزنس کیا ہے۔
سیف علی خان 2013 سے بالی وڈ میں مسلسل ناکام ہیں اور ان چار سالوں میں سیف علی خان کی ’گو گوا گون‘، ’بلٹ راجہ‘، ’ہمشکل‘، ’ہیپی اینڈینگ‘، ’فینٹم‘، ’رنگون‘ اور اب شیف مسلسل 7 ویں فلاپ فلم ثابت ہوئی ہے۔
سیف علی خان کی آخری ہٹ فلم ”ریس 2“ تھی اور یہی وجہ ہے اس بار ’ریس تھری‘ میں ہیرو سیف نہیں بلکہ سلمان خان ہوں گے۔
جڑواں کے بعد اس ہفتے مقابلہ ہوگا دو بڑی فلموں اجے دیوگن کی ’گول مال 4‘ اور عامر خان کی ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ کا جس کا نتیجہ سب کے سامنے جلد آجائے گا۔
ہالی وڈ کی بات کریں تو خوف اور دہشت کی علامت ”اِٹ“ نے دنیا بھر سے 65 ارب کمالیے ہیں اور جلد ہی یہ فلم دنیا کی کامیاب ترین ’ہارر فلم‘ کا درجہ حاصل کرسکے گی۔
اس ہفتے ریلیز ہونے والی ایک اور ڈراؤنی فلم ”یپی ڈیتھ ڈے “ شمالی امریکن باکس آفس پر پہلے نمبر پر آئی اور اس فلم نے وہاں تین دنوں میں 3 ارب کا بزنس کیا ہے۔
بڑے بجٹ کی بڑی فلم ”بلیڈ رنر2049“ نے دس دنوں میں دنیا بھر سے اب تک 16 ارب روپوں کی کمائی کی ہے۔
چین کی ایکشن فلم ’وولف واریئر‘ نے چین کی کمائی کی وجہ سے دنیا بھر میں تقریباََ 90 ارب روپوں کا بزنس کیا تھا اب ایک اور چینی فلم نے اپنے بزنس سے سب کو حیران کردیا ہے۔
”نیور سے ڈائی“ نام کی چھوٹے بجٹ کی کامیڈی فلم نے صرف چین سے دو ہفتوں کے دوران 30 ارب روپے کا بزنس کیا ہے، اس فلم نے ایک اور ریکارڈ بنایا ہے یہ فلم کسی ایک ملک میں دنیا کی سب سے کامیاب ترین کامیڈی فلم ہے۔
اس سے پہلے یہ ریکارڈ بین اسٹلر اور رابرٹ ڈی نیرو کی ”میٹ دی فوکرز“ کے پاس تھا جس نے صرف شمالی امریکا سے 28ارب روپوں کا بزنس کیا تھا۔