کھیل
Time 20 اکتوبر ، 2017

سرفراز کی ڈانٹ ڈپٹ سے مزید اچھا پرفارم کرنے کا موقع ملتا ہے، حسن علی

قومی کرکٹ ٹیم کے میڈیم پیسر حسن علی کا کہنا ہے کہ کپتان سرفراز احمد کا وکٹ کے پیچھے سے چلانا اور ڈانٹ ڈپٹ ان کا نیچرل انداز ہے جس سے ریلکس نہیں ہوتا بلکہ مزید اچھا پرفارم کرتا ہوں۔ 

پاکستان کی طرف سے کم میچز میں وکٹوں کی نصف سینچری بنانے والے ریکارڈ ہولڈر بولر حسن علی نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ان پر بولنگ کی ذمہ داریاں زیادہ ہیں اور وہ بھرپور فارم میں بھی ہیں جسے برقرار رکھنے کے لئے فٹنس پر بہت زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔

 میڈیم فاسٹ بولر نے کہا کہ کپتان سرفراز احمد وکٹوں کے پیچھے سے چلاتے ہوئے ڈانٹتے نہیں بلکہ حوصلہ بڑھاتے ہیں، جب میں تھوڑا ریلیکس ہوتا ہوں تو وہ کہتے ہیں فوکس کرو، تگڑے ہوجاؤ جس سے مجھے حوصلہ ملتا ہے۔

حسن علی کا کہنا تھا کہ لاہور میں ورلڈ الیون کے خلاف کھیلے گئے میچ میں لاہوریوں کا سیلاب امڈ آیا تھا جس کے بعد ابوظہبی کے سنسان میدان میں سری لنکا کے خلاف میچ کھیلا تو اس وقت لاہوری تماشائیوں کی کمی کو بہت شدت سے محسوس کیا۔

حسن علی نے کہا کہ خوشی ہے کہ سری لنکن ٹیم لاہور میں تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے جارہی ہے اور اپنے ہوم گراؤنڈ پر پرفارم کرنے کے لئے بہت بے تاب ہوں۔

شیخ زید اسٹیڈیم ابوظہبی میں حسن علی نے ون ڈے کیرئیر میں 24 واں میچ کھیل کر 51 وکٹیں حاصل کرکے کم میچز میں زیادہ وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے۔

اس سے قبل یہ اعزاز وقار یونس کے پاس تھا اور اس حوالے سے حسن علی کا کہنا تھا کہ وقار یونس کا ریکارڈ توڑنا ان کے لئے بڑی کامیابی ہے۔

مزید خبریں :