کھیل
Time 20 اکتوبر ، 2017

ٹنڈولکر کی انوکھی مبارکباد نے سہواگ کا سر گھما دیا

فوٹو: فائل

بھارتی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے اپنے ماضی کے ساتھی وریندر سہواگ کو سالگرہ پر ایسی مبارکباد دی جس نے سہواگ کا سر گھما کر رکھ دیا۔

سچن ٹنڈولکر نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹر پیغام میں وریندر سہواگ کو ان کی 39 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی اور نئے سال کے آغاز کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ سہواگ تم نے گراؤند میں ہمیشہ میری بات کا الٹ کیا اس لیے آج میں بھی ایسا ہی کر رہا ہوں۔


ٹنڈولکر نے سہواگ کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد کا پیغام الٹے الفاظ میں بھیجا اور ساتھ ایک مزاحیہ ایموجی بھی شیئر کیا۔

وریندر سہواگ نے بھی فوراً ٹنڈولکر کی مبارکباد کا جواب دیا اور لکھا۔

’شکریہ گاڈ جی! یہ تو سنا تھا کہ اوپر والا سب دیکھ رہا ہے لیکن آج سمجھ میں آیا کہ وہ نیچے والوں کے لیے لکھتا کیسے ہے۔

یاد رہے کہ ٹنڈولکر اور سہواگ کی اوپننگ جوڑی نے 2002 سے 2012 کے درمیان بھارت کی جانب سے 93 ون ڈے میچوں میں اننگز کا آغاز کیا۔

اس عرصے کے دوران دونوں نے 12 مرتبہ 100 یا زائد اور 18 مرتبہ 50 یا زائد رنز کی شراکت قائم کی اور دونوں نے مجموعی طور پر 3919 رنز بنائے۔

سابق بھارتی اوپنر وی وی ایس لکشمن نے بھی وریندر سہواگ کو ان کی سالگرہ پر مبارکبادی پیغام میں لکھا کہ

’ دعا ہے کہ تم اسی طرح لوگوں کو محظوظ کرتے رہو اور ہر کسی کے چہرے پر خوشیاں بکھیرتے رہو‘

مزید خبریں :