20 اکتوبر ، 2017
دیوالی پر بالی وڈ میں گھمسان کی جنگ شروع ہوگئی ہے اور اس دیوالی پر پھر دو بڑی فلمیں آمنے سامنے ہیں۔
ایک عامر خان اور زائرہ وسیم کی” سیکرٹ سپر اسٹار “دوسری اجے دیوگن اور کمپنی کی ”گول مال اگین“۔
’سیکرٹ سپر اسٹار‘ ’ گول مال اگین‘ سے ایک دن پہلے ریلیز ہوئی لیکن ابھی تک ’گول مال فور‘ کی کامیڈی کا پلڑا بھاری نظر آرہا ہے تاہم فلم دیکھنے والے ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ کو لمبی ریس کا گھوڑا قرار دے رہے ہیں۔
یہ بات تقریبا طے ہے عامر خان کی ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ 200 کروڑ سے نیچے ہی بزنس کرے گی لیکن ’گول مال اگین‘ نے اپنی زوردار اوپننگ سے فائدہ اٹھالیا تو یہ فلم دو سو کروڑ کے آس پاس پہنچ سکتی ہے۔
دیوالی ہمیشہ سے بالی وڈ کے فلمسازوں اور اسٹار کے لیے فلم ریلیز کرنے کی فیورٹ ”تاریخ“ رہی ہے لیکن اب عید، بڑی عید اور کرسمس پر ریلیز ہونے والی فلموں کے بزنس نے دیوالی کی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
دیوالی پر پچھلے دس سالوں تک باکس آفس پر کیا ہوتا رہا آئیے مل کر نظر ڈالتے ہیں۔
پچھلے سال رنبیر، ایشوریا، انوشکا اور فواد خان کی میوزیکل رومانٹک کامیڈی ”اے دل ہے مشکل ہے“ اور اجے دیوگن کی ایکشن”شیوائے“ کے درمیان سخت مقابلہ ہوا اور دونوں فلموں نے سو کروڑ کے آس پاس کمائی کی۔
2015 میں دیوالی کی اکیلی ریلیز سلمان کے ڈبل رول کی مہنگی فلم”پریم رتن دھن پایو“ نے کروڑوں کی ڈبل سینچری بنائی۔
اسی طرح 2014 میں شاہ رخ اور فرح خان کی ”ہیپی نیو ایئر“ اور 2013 میں ہریتھک روشن کی ”کرش تھری“ کے مد مقابل کوئی نہیں آیا۔
2012 میں اجے دیوگن اور سنجے دت کی ”سن آف سردار“ اور شاہ رخ کی یش چوپڑا کے ساتھ آخری فلم ”جب تک ہے جان“کے درمیان بد مزگی بھی ہوئی اور کڑا مقابلہ بھی۔
”جب تک ہے جان“ رومانٹک ڈرامہ تھی جس میں کترینہ کیف اور انوشکا شرما بھی تھیں، یہ فلم اپنے حریف کامیڈی ایکشن فلم” سن آف سردار“ سے بہت تھوڑے مارجن سے جیتی۔
2011 میں شاہ رخ اور کرینہ کی میگا بجٹ ”را ون“ کے سامنے کوئی نہیں آیا اور یہ فلم بھی کامیاب ہوئی۔
2010 میں ہونے والا دیوالی کا مقابلہ اجے، ارشد، کرینہ ، متھن اور بارات کی ” گول مال تھری“ نے اکشے کمار اور ایشوریا کی فلم”ایکشن ری پلے“ کو آسانی سے ہرا کر جیت لیا۔
2009 میں سلمان، سہیل اور کرینہ کی ”میں اور مسز کھنہ“ بری طرح فلاپ جب کہ اکشے کمار اور سنجے دت کی ایکشن فلم ’بلیو“ کامیاب لیکن اجے اور سنجے کی ”آل دی بیسٹ“ سپر ہٹ ہوئی۔
2008 کی دیوالی بھی اجے دیوگن کے نام رہی جہاں ”گول مال ریٹرنز“ نے پریانکا کی” فیشن“ کو باکس آفس پر مات دی ، ’فیشن‘ مقابلہ ہاری لیکن باکس آفس پر خوب پیسہ کمایا اور یہ فلم بھی ہٹ تھی جس سے پریانکا اور کنگنا نے بڑے ایوارڈز جیتے تھے۔
دس سال پہلے 2007 میں فرح خان کی ڈائرکشن ”اوم شانتی اوم“ نے سنجے لیلی بھنسالی کی ”ساونریا“ کو بری طرح ہرایا اور شاہ رخ اور دپیکا کے ڈبل رول والی یہ فلم بلاک بسٹر لیکن رنبیر کپور کی فلم اپنی لاگت بھی پوری نہیں کرسکی تھی۔
اپنی رائے کا اظہار کرتے جائیں: