21 اکتوبر ، 2017
پاکستان کے کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان شنواری نے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کو آئیڈیل قرار دے دیا۔
خیبر ایجنسی میں یکم مئی 1994ء کو آنکھ کھولنے والے بائیں ہاتھ کے تیز بولر عثمان خان شنواری نے شارجہ میں سری لنکا کے خلاف چوتھے ون ڈے میں ڈیبیو کیا اور انڑنیشنل کیرئیر کی دوسری ہی گیند پر انہوں نے مخالف ٹیم کے کپتان اپل تھا رنگا کو بولڈ کر کے پہلی انڑنیشنل وکٹ حاصل کی۔
زیادہ پانی پینے کے سب شنواری بوجھل طبعیت کے سبب میچ میں 6.3 اوورز کے بعد گراونڈ سے باہر جانے پر مجبور ہوگئے تھے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شارجہ ایک تاریخی اسٹیڈیم ہے جہاں پہلا ون ڈے کھیلنا ایک اچھا احساس تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں وہ ’کراچی کنگز‘ کے لیے پاکستان سپر لیگ کے میچ کھیل چکے ہیں لہذا انھیں خود کو ایڈجسٹ کرنے میں زیادہ مشکل پیش نہیں آئی۔
عثمان خان شنواری کا کہنا ہے کہ انڑنیشنل کرکٹ کا علیحدہ دباؤ ہوتا ہے لیکن آہستہ آہستہ اس معاملے میں مجھے آگاہی ہو رہی ہے۔
فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ شعیب اختر ان کے آئیڈیل ہیں اور وہ ان کی طرح تیز گیند کرنا چاہتے ہیں۔
قومی ٹیم میں بائیں ہاتھ کے تیز بولر محمد عامر ،جنید خان اور رومان رئیس کی موجودگی کے سوال پر عثمان شنواری کا کہنا تھا کہ وہ میرے سنئیر ہیں اور میں ابھی سیکھنے کے مرحلے سے گزر رہا ہوں۔