Time 21 اکتوبر ، 2017
کھیل

کیا پاکستان ’چھٹی‘ بار ون ڈے سیریز 0-5 سے جیت سکے گا؟

— فوٹو:

پاکستان نے سری لنکا کو متحدہ عرب امارات میں جاری ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کردیا تو یہ گرین شرٹس کی چھٹی سیریز ہوگی جس میں گرین شرٹس نے مخالف ٹیم کو 5 صفر سے ہرانے میں کامیاب ہوگی۔

سرفراز احمد کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے ابتدائی چار میچ جیت چکی ہے اور اب سوال یہ ابھر رہا ہے کہ وکٹ کیپر کی قیادت میں 23 اکتوبر کو شارجہ میں قومی ٹیم سیریز کے آخری ون ڈے میں فتح کے ساتھ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کرنے میں کامیاب ہو سکے گی۔

اگر ایسا ہوا تو یہ چھٹا موقع ہوگا جو پاکستان کرکٹ ٹیم پانچ ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے تمام میچوں میں کامیابی حاصل کرے گی۔ 

ایسا پہلی بار 2002ء کے دورہ زمبابوے میں ہوا تھاجب وقار یونس کی قیادت میں قومی ٹیم نے الیسڑا کیمبل کی میزبان ٹیم کو تمام پانچ ون ڈے میچوں میں ہرایا تھا۔

دوسری مرتبہ 2003ء میں انضمام الحق کی قیادت میں ہوم گراونڈ پر قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کو تمام پانچ ون ڈے میچوں میں ہرایا تھا اور 2003ء ہی میں انضمام الحق کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیم نے ہوم سیریز 5/0 سے جیتی تھی۔

پاکستان نے چوتھی مرتبہ پانچ ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے تمام میچ زمبابوے کے خلاف 2008ء کی ہوم سیریز میں جیتے اور اسی سال ہوم سیریز میں بنگلہ دیش کو بھی پاکستان ٹیم نے 5/0 سے شکست دی تھی جب کہ دونوں سیریز میں قیادت کے فرائض شعیب ملک انجام دے رہے تھے۔

اس کے برعکس ون ڈے سیریز کے تمام پانچ میچوں میں شکست کے واقعات پاکستان کرکٹ ٹیم کیساتھ دو بار پیش آچکے ہیں اور  پہلی بار 1988ء کے دورہ ویسٹ انڈیز میں عمران خان کی قیادت میں کھیلنے والی ٹیم کو سر ویوین رچرڈز کی کالی آندھی کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

2010ء میں محمد یوسف کی قیادت میں کھیلنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کو آسڑیلیا میں کھیلے گئے پانچوں ون ڈے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یاد رہے سیریز کے آخری ون ڈے میں جو پرتھ میں کھیلا گیا تھا جس میں محمد یوسف کی جگہ قیادت کے فرائض شاہد خان آفریدی نے سر انجام دئیے تھے۔

مزید خبریں :