کھیل
Time 26 اکتوبر ، 2017

اس وقت ٹیم مضبوط اور ہر پوزیشن کیلیے کھلاڑی ہے، سرفراز احمد

دبئی: قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہےکہ پوری ٹیم مضبوط ہوگئی ہے اور ہر پوزیشن کے لیے کھلاڑی موجود ہے۔

سرفراز احمد نے جیو سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی گیم میں کوئی بھی ٹیم فیورٹ نہیں ہوتی، دعا ہے کہ لاہور کا ٹی ٹوئنٹی میچ سیریز کا فیصلہ کن میچ نہ بنے اور ابوظہبی میں ہی سیریز جیت جائیں۔

قومی کپتان نے کہا کہ سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ سری لنکن ٹیم ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا کر لاہور آرہی ہے جس کا کریڈٹ پی سی بی کو جاتا ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم مضبوط ہوگئی ہے اور ہر پوزیشن کے لیے کھلاڑی موجود ہے، بعض اوقات پریشانی ہوتی ہے کہ کس کھلاڑی کو میچ کھیلائیں، ایک کپتان کے لیے اس سے اچھی بات اور کیا ہوگی کہ ہر طرح کے کھلاڑی  اس کے پاس موجود ہیں۔

سرفراز نے بتایا کہ بکی کے رابطہ کرنے پر انہوں نے پی سی بی کو آگاہ کیا جو انہیں کرنا چاہیے تھا، تین چار دن پریشانی کے تھے لیکن اب تمام چیزیں معمول پر آچکی ہیں،۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ صبح سویرے اپنے بیٹے کا چہرہ دیکھتے ہیں، انہیں بچوں سے پیار ہے، جب وہ شادی شدہ نہیں تھے تومصباح الحق اور اظہر علی کے بچوں سے دوستی تھی، ان کے ساتھ کھیلا کرتے تھے، اب جیسے جیسے ان کا بیٹا عبداللہ بڑا ہو رہا ہے اس کے ساتھ کھیلنے میں اور مزہ آتا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ان کا بیٹا ان کے لیے بہت لکی ہے، ہر اس موقع پر عبداللہ کو ساتھ رکھتے ہیں جب ٹیم فاتح بنتی ہے۔

انہوں نی چیمپئنز ٹرافی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف پورے میچ میں ان کا بیٹا اسٹیڈیم میں تھا اور بھارت کے خلاف فائنل میں بھی ساتھ تھا، جب وہ بڑا ہوگا تو اسے پاکستان کے جیتے ہوئے سارے بہترین لمحات یاد ہوں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوئی مداح جب زیادہ قریب آکر تصویر کھنچوانے کی کوشش کررہا ہوتا ہے تو بیگم برا منا لیتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سر لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران فیملی کے ساتھ گھومنے پھرنے کا ٹائم کم ملا اور زیادہ تر وقت ہوٹل میں ہی گزارا۔

مزید خبریں :