26 اکتوبر ، 2017
شیخ زید اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی 20 کے لئے پاکستان ٹیم کی اننگز کا آغاز فخر زمان کے ساتھ احمد شہزاد کریں گے۔
احمد شہزاد کو سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے ابتدائی دو ون ڈے میں صرف 8 رنز بنانے کے بعد ڈراپ کر دیا گیا تھا۔
البتہ کپتان سرفراز احمد پرُامید ہیں کہ دائیں ہاتھ کے اوپنر ٹی 20 میں اچھا پرفارم کریں گے۔
یاد رہے15 ستمبر کو اس سال ورلڈ الیون کے آخری ٹی 20 میں احمد شہزاد نے 55 گیندوں پر 89 رنز بنائے تھے۔
دوسری جانب ون ڈے سیریز سے غیر حاضر رہنے والے فاسٹ بولر محمد عامر نے فٹ ہو کر ٹی 20 سیریز کے لئے ٹیم کو ابوظہبی میں جوائن کر لیا ہے۔
بدھ کو پریکٹس سیشن میں عامر نے ٹیم کے ساتھ پریکٹس میں حصہ بھی لیا، البتہ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی 20 کے لئے عامر اور فہیم اشرف میں سے کوئی ایک کھیلے گا۔
پاکستان کی ممکنہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی: احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، سرفراز احمد (وکٹ کیپر/کپتان)، عماد وسیم، شاداب خان، عثمان خان شنواری، حسن علی، محمد عامر یا فہیم اشرف۔