03 فروری ، 2012
دبئی..... پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ آج سے دبئی میں شروع ہوگا۔ مسلسل دو ٹیسٹ میچوں میں شکست کا منہ دیکھنے والی انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم جمعہ کو پاکستان کیخلاف اس عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی کہ وہ نسبتاً کمزور حریف کے ہاتھوں وائٹ واش سے بچ سکے۔ پاکستان نے دبئی میں پہلا ٹیسٹ دس وکٹ اور دوسرا میچ ابوظبی میں 72 رنز سے جیتا۔ انگلینڈ یہ میچ جیت کر آئی سی سی کی طرف سے اعلان کردہ ایک لاکھ 75 ہزار ڈالرز کا جیک پاٹ اپنے نام کر سکتا ہے۔ امکان ہے کہ مہمان ٹیم آوٴٹ آف فارم مورگن کی جگہ روی بوپارا کو موقع دے گی۔ اینڈریو اسٹراس اب بھی پر امید ہیں کہ ان کی ٹیم آخری میچ میں باوٴنس بیک کرے گی۔ اینڈریو اسٹراس کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم صرف دوبار ایشیا میں جیت سکی ہے دونوں بار حریف ٹیم بنگلہ دیش کی تھی۔ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم فتوحات کا تسلسل برقرار رکھے گی، ادھر خیال کیا جا رہا ہے پہلے ٹیسٹ کے افتتاحی دن کی طرح تیسرے ٹیسٹ میں بھی دبئی کی وکٹ اسپنرز کو مدد کرے گی۔ امکان ہے کہ پاکستان ٹیم فاسٹ بولر جنید خان کی جگہ وہاب ریاض کو موقع دے گی۔