Time 31 اکتوبر ، 2017
انٹرٹینمنٹ

بالی وڈ میں ری مکس گانوں کا ’گول مال‘ نہ چل سکا

میوزک کے لئے مشہور بالی وڈ اس سال موسیقی کے میدان میں کمزور پاکستانی فلموں کے سامنے بھی نہیں ٹِک پایا اور پاکستانی فلموں کا ٹیکنیکل معیار تو اوپر گیا ہی ہے لیکن ساتھ ہی میوزک کے معاملے میں بہترین اور کامیاب میوزک کی تخلیق نے اسے چار چاند لگا دیے۔

’بالو ماہی‘، ’راستہ‘، ’چلے تھے ساتھ‘، ’مہرالنساء وی لب یو‘، ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ اور ’نامعلوم افراد 2‘ کے گانوں نے سب کے دل جیت لیے ہیں۔

ساحر علی بگا، شانی ارشد، شیراز اپل، راحت فتح علی خان اور مہمان سیماب سین کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہوگی، صرف سید نور کی فلم ”چین آئے نہ“ کا میوزک فارمولا کئی بڑی بالی وڈ فلموں سے بہتر تھا۔

فلم تشہیری پوسٹر—آئی ایم ڈی بی

اب شان کی ”ارتھ“ کے میوزک کی باری ہے جو سب کو اڑانے کیلئے تیار ہے، فلم ہٹ ہو یا نہیں ارتھ کا میوزک اس سال کی بہترین پاکستانی فلموں سے بھی اچھا ہوگا۔

 شعیب منصور کی فلموں کا میوزک ہٹ کر ہوتا ہے جو فلم کی ”سچویشن“ کو آگے بڑھاتا ہے  اور ان کی فلموں میں گانے اور لوکیشن کتنے بھی اچھے ہوں کہانی اور پرفارمنس ہمیشہ آگے رہتے ہیں۔

بلال اشرف کی ’رنگریزہ‘ کا پس منظر بھی موسیقی کا ہے یعنی یہ سال پاکستان کی میوزک انڈسٹری کے لیے بہت اچھا جارہا ہے تو دوسری طرف بالی وڈ کی میوزک کا معیار گرتا جارہا ہے۔

ہٹ گانوں کی اتنی قلت ہے کہ اس سال اب تک کئی بڑی چھوٹی فلموں میں پرانے ہِٹ گانوں پر بے دردی سے ہاتھ صاف کیا گیا۔ 

بالی وڈ کے سدابہار گانے جو سب کے ذہن اور دل پر نقش ہیں جب نئے انداز میں پیش ہوتے ہیں تو ان میں سے اکثر دیکھنے والوں اور سننے والوں کو پسند نہیں آتے۔

اس سال کا سب سے پہلے ریمکس گانا آدیتا رائے کپور اور شردھا کپور کی فلم ”او کے جانو“ میں ریلیز ہوا، اس فلم میں  اے آر رحمان نے میوزک دیا اور اپنا ہی 1995 کا ہٹ سانگ”ہَما ہَما“ دوبارہ استعمال کیا۔

فلم ’اوکے جانو‘ کی تشہیری مہم کے دوران اداکار آدتیہ رائے کپور اور شردھا کپور  ایک ساتھ — فوٹو: بشکریہ بھارتی میڈیا

یہ گانا فلم ’بمبئے‘ میں تامل زبان میں  اے آر رحمان نے اور ہندی ڈب فلم میں ریمو فرنناڈس نے گایا تھا، فلم ’ببمئے‘ کے سارے گانے سپر ہٹ تھے تاہم اب جُبن کی آواز میں نیا گانا پرانے گانے کو تو نہیں ہراسکا لیکن کم از کم ”اوکے جانو“ کا واحد کامیاب گانا بن گیا کیونکہ  اے آر رحمان کی موجودگی کے باوجود فلم کے باقی گانے کسی کو یاد بھی نہیں ہیں۔

پھر آئی فلم ساز راکیش روشن کی ہریتھک روشن کے ساتھ ”قابل“ اس فلم کا بھی میوزک کسی قابل نہیں رہتا اگر اس میں دو پرانے گانے استعمال نہیں کیے جاتے۔

اس فلم کے میوزک ڈائریکٹر راجیش روشن ہیں جو راکیش کے بھائی اور ہریتھک کے چچا ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ راکیش روشن اپنے بیٹے کی فلم کی کامیابی کے لئے اپنی ڈائرکیشن کی قربانی تو دے دیتے ہیں لیکن اپنے بھائی کے میوزک پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے، چاہے ان کے پرانے گانے ہی کیوں نہ استعمال کرنے پڑیں۔

اس بار 1975 کی فلم جولی کے مشہور گانے ”دل کیا کرے“ اور 1981 میں امیتابھ بچن کی یارانہ کے گانے”سارا زمانہ حسینوں کا زمانہ“ پر ہاتھ صاف کیا گیا اور دونوں گانوں کی آڈیو ہی نہیں ویڈیو بھی سدا بہار ہے ان دونوں گانوں کی میوزک راجیش روشن نے ہی دی تھی۔

— فوٹو:فلم تشہیری پوسٹر

’قابل‘ کے ساتھ ہی شاہ رخ خان کی فلم ’رئیس‘ ریلیز ہوئی جس میں 1980 کی فلم قربانی کا کامیاب گانا ”لیلیٰ اور لیلیٰ“ استعمال کیا گیا۔

وہاں زینت امان یہاں سنی لیونی کا طوفان، وہاں امجد خان کا اسٹائل یہاں شاہ رخ خان کا ٹشن دکھایا گیا، یہ غالباََ اس سال کے دو سب سے کامیاب ری مکس گانوں میں سے ایک ہے۔

قربانی میں تو ”لیلیٰ او لیلیٰ“ سے بھی زیادہ سپر ہٹ گانے تھے جن میں سب سے کامیاب نازیہ حسن والا ”آپ جیسا کوئی میری زندگی میں“ تھا لیکن یہاں یہی گانا سب سے قابل ذکر تھا۔کلیان جی آنند جی کے سُروں کو فلم رئیس میں رام سمپتھ نے نیا رنگ دیا۔

ورن دھون اور عالیہ بھٹ کی فلم ”بدری ناتھ کی دلہنیا“ تو ہٹ ہوئی فلم کا گانا ”ٹما ٹما“ بھی سپر ہٹ ہوا، یہ گانا سنجے دت اور مادھوری کی مشہور فلم ”تھانے دار“ سے لیا گیا۔

یہ گانا گایا بھی بپی لہری نے تھا اور اس کی میوزک بھی انھوں نے ہی بنائی تھی۔

یہ گانا ایک مشہور گانے کی کاپی تھا پھر بعد میں امیتابھ کی فلم ”ہم“ کا  ”جُما جما“ بھی اسُی مشہور گانے سے متاثر ہو کر بنایا گیا اتفاق سے بالی وڈ کے دونوں ” کاپی سانگ“ پہلے بھی ہٹ ہوئے اور اب اتنے سالوں بعد اس کا ریمکس بھی سپر ہٹ ہوا۔

”بدری ناتھ کی دلہنیا“ کی قسمت اچھی لیکن عباس مستان کی فلم ”مشین“ کے نصیب برے تھے کیوں کہ اس فلم میں دو مشہور گانوں کو ریمکس کیا گیا لیکن اس بار گانے چلے نہ فلم کسی کو پسند آئی۔

— فوٹو:فلم تشہیری پوسٹر

فلم مشین میں 1994 کا سپر ہٹ گانا ”تو چیز بڑی ہے مست “ دوبارہ استعمال ہوا لیکن اس بار گانے کا جادو نہیں چلا۔ 

اُس وقت فلم مہرہ میں بھی اس گانے کو استاد نصرت فتح علی خان صاحب کی مشہور قوالی سے چرا کر نقل کیا گیا تھا۔

فلم مشین میں ہی آر ڈی برمن اور کشور کمار کا ”چتور نار“ کا ریمکس بھی فیل ہوگیا۔

 فیل تو سوناکشی سنہا کی ”نور“ بھی ہوئی اور اس میں استعمال ہونے والا ”گلابی آنکھیں“ کا ریمکس بھی ہوا۔

اس گیت کو 1970 میں راکیش کھنہ کی فلم ”دی ٹرین “ کے لئے محمد رفیع نے گایا تھا اور آر ڈی برمن نے کمپوز کیا تھا۔

ایسی ہی کچھ قسمت رہی سشانت سنگھ اور کیرتی سنن کی فلم ”رابطہ “ اور اس کے ٹائٹل سانگ کی، فلم کی میوزک پریتم نے ہی بنائی اور اپنا صرف پانچ سال پرانی فلم ”ایجنٹ ونود“ کا نغمہ ” رابطہ“ پھر بیچ دیا۔ نہ وہ فلم اور گانا چلا نہ یہ فلم اور گانا چلا۔

چلا تو” ہوا ہوا “ پھر ایک بار، ارجن کپور اور انیل کپور کی فلم ” مبارکاں “ میں اور خوب چلا۔

جانے اس گانے میں کیا ایسا جادو ہے کہ صرف بالی وڈ میں 6 بار سے زائد استعمال ہو کے بھی یہ گانا بالکل تاز ہ لگتا ہے، حسن جہانگیر سے مشہور ہونے والی اس ایرانی دھن والے گانے کی بات ہی کچھ اور ہے۔

سدھارتھ ملہوترہ کی ڈبل رول والی ”اے جنٹلمین“ میں پرانا کوئی گانا ری مکس تو نہیں کیا گیا لیکن اس فلم کے ایک گیت میں فلم ”قربانی “ کے سب سے مشہور گانے ”آپ جیسا کوئی“ کی” لائن“استعمال ہوئی ہے لیکن پورے گانے کو ریمکس کہنا زیادتی ہوگی۔

زیادتی تو اجے دیوگن اور عمران ہاشمی کی فلم ”بادشاہو“ میں بھی ہوئی جب ایک نہیں دو کامیاب گانوں کو ریمکس کیا گیا لیکن فلم کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

— فوٹو:فلم تشہیری پوسٹر

ایک استاد نصرت فتح علی خان کا کلاسک ”میرے رشک قمر“ جو اس بار راحت فتح علی خان نے گایا اور  دوسرا 1975 کی امیتابھ بچن اور ششی کپور کی کلاسک فلم ”دیوار “ کا نغمہ ”کہہ دو تمہیں“ تھا۔

دیوار وہ فلم ہے جس کے مکالمے گانوں سے زیادہ مشہور ہوئے اور یہ ڈائریکٹر یش چوپڑا اور میوزک ڈائریکٹر آر ڈی برمن کی ایک ساتھ آخری فلم تھی جس کے بعد دونوں نے پھر کبھی ایک ساتھ کام نہیں کیا۔

کام ایک ساتھ کیا اور کافی عرصے بعد کیا دو بھائیوں نے سنی دیول اور بوبی دیول نے ان کی کم بیک فلم ”پوسٹر بوائز“ میں دلیر مہدی کا مشہور گانا ”کڑیاں شہر دیاں“ تھا جو اس سے پہلے 1999 میں ریلیز ہونے والی فلم ”ارجن پنڈت“ کے لئے دلیر مہدی نے ہی گایا تھا۔

فرحان اختر کی قیدیوں اور جیل والی فلم’لکھنو سینٹرل “ میں بھی 2001 کی مشہور فلم ”مون سون ویڈنگ“ کا گانا” کاواں کاواں“ کو ریمکس کیا گیا لیکن اس بار گانا نہیں چلا اور فرحان کی فلم بھی فلاپ ہوگئی۔

فرحان جیسی قسمت ورون کی نہیں کیونکہ ورون کی تو کوئی فلم آج تک فلاپ ہی نہیں ہوئی، ابھی اس سال ان کی پہلے ’بدری ناتھ دلہنیا‘ کامیاب ہوئی پھر سلمان خان کی 1997 کی کامیاب کامیڈی ایکشن فلم ”جڑواں“ کا ریمیک بھی سپر ہٹ ہوگیا۔

—فوٹو:فلم تشہیری پوسٹر

اس فلم میں پرانی فلم کے دوسپر ہٹ گانے ”اونچی ہے بلڈنگ “ اور ”ٹن ٹنا ٹن تارا“ ریمکس کیے گئے اور اس بار بھی ان گانوں نے مقبولیت پائی۔

مقبولیت تو ا س سال ”گول مال اگین“ نے بھی پائی بلکہ اجے دیوگن کی یہ فلم باکس آفس پر اس سال ”باہو بلی 2“ کے بعد اب تک کی سب سے کامیاب فلم ہے لیکن اس فلم میں دو مشہور گیتوں کا ریمکس لوگوں کو نہیں بھایا۔

ایک اجے دیوگن کی ہی 1997 میں ریلیز ہونے والی فلم ”عشق “ کا تھا جس میں عامر خان، جوہی چاؤلہ اور اجے کی کاجول بھی تھیں۔

دوسرا گانا بالی وڈ کلاسک”میں نے پیار کیا“ سے لیا گیا ہے سلمان خان کی یہ فلم 1989 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس فلم کے گانے ابھی بھی فلم کے دیوانوں کو یاد ہیں لیکن گول مال کے ہٹ ہونے کے باوجود یہ گانے نہیں چلے۔

گانوں کے اس ”گول مال“ کا گھن چکر ابھی رکا نہیں کیونکہ ابھی ودیا کی نئی فلم” تمہاری سُلو“ کے ٹریلر میں مسٹر انڈیا کی سری دیوی کا مشہور گانا ”ہوا ہوائی“ اور سدھارتھ ملہوترا، اکشے کھنہ اور سوناکشی کی فلم ”اتفاق“ جو خود 1969 کی راجیش کھنہ کی فلم کا ری میک ہے اس میں امیتابھ بچن اور پروین بابی کی نمک حلال کا گانا ”رات باقی “ کو نئے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

— فلم تشہیری پوسٹر

اس ساری فہرست کو دیکھنے کے بعد یہ اندازہ مشکل نہیں کہ بالی وڈ کے فلم سازوں نے میوزک اور فلم کو کامیاب کرنے کے لئے آسان راستہ ڈھونڈنے کی کوشش کی ہے لیکن زیادہ تر فلموں میں یہ طریقہ ناکام ہوا ہے۔

آپ بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے جائیں:



مزید خبریں :