06 نومبر ، 2017
پاک-امریکا ٹریک ٹو ڈائیلاگ کا چوتھا راؤنڈ 6 اور7 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا، جس کے دوران افغانستان کے لیے نئی ٹرمپ پالیسی، جنوبی ایشیاء اسٹریٹجی اور افغان مفاہمتی عمل سمیت دیگر امور زیرغور آئیں گے۔
ان مذاکرات کا پہلا دور کابل، دوسرا واشنگٹن اور تیسرا دور اسلام آباد میں ہوا تھا.
اسلام آباد میں منعقدہ ٹریک ٹو، ون پوائنٹ فائیو ڈائیلاگ میں پاک-افغان امور پر عبور رکھنے والے ماہرین شرکت کریں گے جو دونوں ہمسایہ اور برادر اسلامی ممالک کے درمیان مسائل ومشکلات کی نشاندہی اور معاملات کے حل کی تجاویز پیش کریں گے.
مذاکرات میں افغانستان اور جنوبی ایشیاء سے متعلق ٹرمپ پالیسی، امریکا اور پاکستان کے درمیان دہشت گردی کے خلاف تعاون، افغان امن عمل اور بھارت اور چین کی وجہ سے پاک-امریکا تعلقات پر پڑھنے والے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ٹریک ٹو ون پوائنٹ فائیو ڈائیلاگ کا مقصد پاک-افغان تعلقات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی اور مسائل کے قابل عمل حل سمیت علاقائی سیکیورٹی، سرحدی انتظام، پاک-افغان انٹیلی جنس وعسکری تعاون، غیر ریاستی عناصر کی سرکوبی، معاشی تعاون، معاشرتی روابط اور افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی جیسے موضوعات پر سیرحاصل گفتگو اور اعلامیے کی سفارشات ہیں۔
یہ مذاکرات امریکی مقامی تھنک ٹینک برائے ریجنل امن اور امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے منعقد کیے جارہے ہیں۔
مذاکرات سے قبل شریک ہونے والے ماہرین نے اسلام آباد میں فرینڈلی کرکٹ میچ بھی کھیلا۔