Time 03 دسمبر ، 2017
انٹرٹینمنٹ

بالی وڈ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ٹاپ 10 فلمیں

فوٹو:فلم تشہیری پوسٹر

بالی وڈ کی ٹاپ 10 فلمز کے بارے میں لکھنا اتنا آسان نہیں کیوں کہ فلم انڈسٹری میں کامیابی کا معیار جانچنے کیلئے پیمانہ ایک نہیں۔

مثلاً فلم نے اپنے دیس میں کتنا بزنس کیا؟ فلم نے دنیا بھر میں کتنا بزنس کیا؟ فلم کے کتنے ٹکٹ فروخت ہوئے؟ فلم کے ٹکٹ کتنے کے فروخت ہوئے؟ فلم کا بجٹ کتنا تھا؟ فلم کو سیٹلائٹ، ڈیجیٹل، ٹی وی اور میوزک رائٹس سے کتنی آمدنی ہوئی؟ فلم ڈسٹری بیوٹرز کو کتنے میں فروخت ہوئی؟ پچھلے سالوں میں ریلیز ہونے والی فلموں کے ٹکٹ کی قیمت اور بزنس کو افراط زرکے حساب سے ڈھالنا؟ اب اگر کوئی جمع تفریق تقسیم اور ضرب اتنے سوالات پر ہوئی تو فلم کا بزنس سمجھ میں نہیں آئے گا بلکہ ہر”کیلکولیشن“ کے حساب سے علیحدہ فہرست ترتیب دینی پڑے گی۔

کہیں عامر خان کی ’دنگل‘ نمبر ون ہوگی تو کہیں ’باہو بلی 2‘ کا نمبر آئے گا اور کہیں ابھی تک سنی دیول کی ’غدر‘ کا راج ہے تو کہیں ’شعلے‘ یا ’ہم آپ کے ہیں کون‘ سر فہرست ہوں گی۔

اس الجھن سے نکلنے کیلئے ابھی صرف ان ٹاپ ٹین فلموں کا ذکر کرتے ہیں جنھوں نے دنیا بھر میں پچھلے کچھ سالوں میں بزنس کے نئے ریکارڈز بنائے ہیں۔

—فوٹو:فلم تشہیری پوسٹر

دنیا بھر میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی بالی وڈ فلم کا نام دنگل ہے۔ عامر خان کی یہ فلم 2016 میں ریلیز ہوئی  جس کا بجٹ 70 کروڑ روپے تھا۔

اس فلم نے چین میں ایسے داؤ پیچ لگائے کہ فلم نے صرف تائیوان اور ہانگ کانگ سمیت چین بھر سے 1000 کروڑ سے زیادہ کمائی کی، عامر خان کی اس فلم کا بزنس اب تک دنیا بھر میں 2000 کروڑ کے آس پاس یعنی پاکستانی روپوں میں تقریبا32ارب ہوچکا ہے۔

دنگل چین میں کئی بڑی ہالی وڈ فلموں کو ہرا کر ٹاپ ٹین غیر ملکی فلموں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔

دوسرے نمبر پر باہو بالی2 کا نمبر ہے اور یہ فلم تامل اور تیلگو زبان میں بنائی گئی تھی جسے ہندی اور ملیالم زبان میں ڈب کر کے دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا۔

اس فلم نے اپنے دیس میں سب زبانوں میں ہزار کروڑ کا ریکارڈ بزنس کیا لیکن دنیا بھر کے بزنس میں یہ فلم دنگل سے 300 کروڑ پیچھے ہے۔

— فوٹو:فلم تشہیری پوسٹر 

250 کروڑ کی لاگت سے بننے والی اب تک ریلیز ہونے والی مہنگی ترین فلم نے دنیا بھر سے 1700 کروڑ کے قریب کمائی کی ہے، یہ فلم 2017میں ہی ریلیز ہوئی تھی جب کہ اس فلم میں تیلگو فلم کے سپر اسٹار پربھاس اور دانا ڈگوبتی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

دنگل اور باہو بلی کے علاو ہ ابھی تک کوئی فلم ہزار کروڑ کے اسٹاپ کو عبور تو دور کی بات اس اسٹیشن کے قریب بھی پہنچ نہیں پائی۔

بالی وڈ کی تیسری کامیاب ترین فلم کا نام ہے”پی کے“ہے جو کہ 2014میں ریلیز ہوئی ، اس فلم نے دنیا بھر میں 700 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔

یہ وہ فلم تھی جس نے اپنے دیس میں پہلی بار 300 کروڑ کا چھکا لگانے والی فلم کا اعزاز بھی حاصل کیا اور اس فلم میں عامر خان کے علاوہ بومن ایرانی اور انوشکا شرما بھی تھی،اس فلم کا بجٹ 75 کروڑ تھا، اس فلم نے چین میں سو کروڑ کمانے والی پہلی بالی وڈ فلم کا بھی ریکارڈ بنایا تھا۔

— فوٹو:فلم تشہیری پوسٹر

بالی وڈ کی چوتھی کامیاب ترین فلم بالی وڈ کے سلطان سلمان خان کی ’بجرنگی بھائی جان‘ ہے اور یہ فلم 2015 میں ریلیز ہوئی جس پر90 کروڑ کے قریب لاگت آئی۔

’بجرنگی بھائی جان‘ نے دنیا بھر میں 626 کروڑ کمائے  اور اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ کرینہ کپور اور نواز الدین صدیقی بھی تھے۔

پانچویں نمبر پر بھی سلمان خان کی بطور پہلوان ’سلطان‘ کا نمبر آیا اور اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیے، سلمان خان کی اس فلم نے دنیا بھر سے 590 کے قریب بزنس کیا جب کہ اسے بنانے میں بھی تقریبا 90 کروڑ کا بجٹ لگا اور یہ فلم 2016میں ریلیز ہوئی۔

2013 میں عامر خان کی فلم ’دھوم تھری‘ نے دھوم مچائی جس میں ان کا ڈبل رول تھا۔ اُس وقت تک کی مہنگی ترین فلم پر125 کروڑ کا خرچہ آیا اور اس فلم نے دنیا بھر سے 500 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا۔

اس فلم میں ابھیشیک بچن اور اُدے چوپڑا بھی موجود تھے اور اس فلم کا نمبر کامیاب ترین فلموں میں چھٹا تھا۔

—فوٹو: تشہیری پوسٹر

شاہ رخ خان اور دپیکا کی 2013 کی میں ریلیز ہونے والی ’چنئی ایکسپریس‘ بالی وڈ کی کامیاب ترین فلموں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر موجود ہے، اس فلم پر 110 کروڑ کی لاگت آئی تھی۔

چنئی ایکسپریس کیلئے شاہ رخ نے ہدایتکار روہت شیٹھی کو اجے دیوگن سے چرایا تھا اور دونوں نے بعد میں ’دل والے‘ میں بھی کام کیا لیکن وہ فلم اتنی کامیاب نہیں ہوئی لیکن دنیا بھر کے بزنس سے اُس فلم کو بھی ٹاپ ٹین میں جگہ دی ہے۔

اس سارے کاروبار میں بالی وڈ کے کنگ خان کی کوئی فلم ٹاپ فائیو میں شامل نہیں حالانکہ ایک وقت تھا کہ بالی وڈ کے بادشاہ کی فلمیں اورسیز مارکیٹ میں چمکتا سونا ہوتی تھیں۔

عامر اور سلمان کی فلمیں شاہ رخ کی فلموں کا مقابلہ تو دور کی بات ٹِک بھی نہیں پاتی تھیں لیکن وقت ایک جیسا نہیں رہتا کل شاہ رخ ’رئیس‘ تھے آج عامر کا ’دنگل‘ چلتا ہے اور’سلطان‘ سلمان خان کہلاتا ہے۔

اب جب عامر کی فلموں نے 2 ہزار کروڑ اور سلمان خان کی فلمیں 600 کروڑ کا بزنس کرچکی ہیں تو شاہ رخ خان کی کوئی فلم 500 کروڑ کے قریب بھی بزنس نہیں کرسکی ہے۔

— فوٹو فلم تشہیری پوسٹر

ٹاپ ٹین فلموں میں آٹھواں نمبر سلمان خان اور سونم کپور کی فیملی ڈرامہ‘پریم رتن دھن پایو‘ کا ہے، اس فلم میں سلمان خان نے ڈبل رول ادا کیا تھا۔

باہو بلی 2 سے پہلے یہ مہنگی ترین بالی وڈ فلم تھی اور اس میگا بجٹ فلم بنانے پر تقریبا 200 کروڑ کا خرچہ آیاتھا۔

2015 میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے 400 کروڑ سے اوپر کمائی کی جب کہ اس فلم کیلئے سلمان خان نے ایک بار پھر اپنے پرانے ڈائریکٹر دوست سورج برجاتیہ کے ساتھ کام کرنے کی حامی بھری۔

سورج برجاتیہ سلمان خان کی ’میں نے پیار کیا‘ کے ڈائریکٹر بھی تھے اور دونوں نے پھر ’ہم آپ کے ہیں کون‘ اور’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ میں بھی ساتھ کام کیا تھا۔

نویں نمبر پر عامر خان، مادھون اور شرمان جوشی کی ’تھری ایڈیٹس‘ 2009 میں ریلیز ہوئی تھی، اس فلم کے ڈائریکٹر بھی راج کمار ہیرانی تھے جنھوں نے ’منا بھائی‘ سیریز اور ’پی کے‘ جیسی کامیاب فلمیں بنائیں۔

اس فلم پر صرف 55 کروڑ کی لاگت آئی تھی اور فلم نے دنیا بھر سے 400 کروڑ کے قریب بزنس کیا تھا۔

— فوٹو:فلم تشہیری پوسٹر

یہ بالی وڈ کی اپنے دیس میں دو سو کروڑ کمانے والی پہلی فلم تھی جب کہ ’تھری ایڈیٹس‘ بالی وڈ کی ٹاپ ٹین فلموں کی فہرست میں سب سے پرانی ریلیز ہونے والی فلم ہے۔

ٹاپ ٹین میں آخری نمبر شاہ رخ ،کاجول اور ورون کی فلم ”دل والے “ کو ملا ہے اور یہ فلم 150 کروڑ کے مہنگے بجٹ سے بنی لیکن اس فلم نے دنیا بھر سے 390 کروڑ کا بزنس کیا۔

2015میں ریلیز ہونے والی اس فلم کے بعد شاہ رخ کا کیرئیر اور نیچے گیا ہے۔

ٹاپ ٹین فلموں میں دیکھا جائے تو باہو بلی کے علاوہ ساری فلمیں صرف عامر، سلمان یا شاہ رخ خان کی ہیں جب کہ اس فہرست میں موجود عامر خان کی 4 فلموں نے دنیا بھر سے 3750 کروڑ کا بزنس کیا جو کہ پاکستانی روپوں میں 60 ارب بنتا ہے۔

سلمان خان کی تین فلموں نے دنیا بھر سے 1615 کروڑ کمائے پاکستانی روپوں میں یہ 25ارب روپے بنتے ہیں۔

شاہ رخ کی دو کامیاب ترین فلموں نے دنیا بھر سے صرف 800 کروڑ پاکستانی 12 ارب روپے کمائے اور اس طرح ٹاپ ٹین فلموں کی فہرست میں پاکستانی روپوں میں عامر خان کی فی فلم کی اسطاََ کمائی 15 ارب، سلمان خان کی فی فلم کمائی تقریباً 9 ارب اور شاہ رخ خان کی کمائی صرف 6 ارب روپے ہے یعنی فرق صاف ظاہر ہے۔

صرف بالی وڈ کے دیس کی بات ہو تو اب تک 50 سے زائد فلمیں 100کروڑ کا بزنس کرچکی ہیں۔ان میں سے باہو بلی نے اپنے دیس میں چار زبانوں میں ہزار کروڑ کے قریب بزنس کیا۔

صرف ہندی فلموں کی بات ہو تو بھی ’باہو بلی2‘ کا ڈب ورژن 500 کروڑ کمانے والی واحد فلم ہے، عامر خان کی ’دنگل‘ اور ’پی کے‘ سلمان خان کی ’سلطان‘ اور ’بجرنگی بھائی جان‘ 300 کروڑ کلب کی ممبر ہیں۔

200 کروڑ کلب میں اب تک صرف 10 فلموں نے جگہ بنائی ہے جب کہ 100 کروڑ کی فلموں میں سب سے آگے سلمان خان ہیں جن کی مسلسل 11 فلموں نے سو کروڑ کا چھکا لگایا ہے۔

اکشے کمار نے اب تک 8 بار یہ کامیابی حاصل کی، شاہ رخ خان اور اجے دیوگن نے اپنے کیریئر میں 100 کروڑ والی 7فلمیں دیں ہیں۔

مزید خبریں :