06 نومبر ، 2017
ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے ٹیسٹ بیٹسمین فواد عالم کو پاکستان ٹیم میں آنے سے قبل فٹنس ٹیسٹ سے گذرنا پڑے گا۔
دو سال قبل فواد عالم پاکستان کے سب سے فٹ کرکٹر تھے۔پیر کو لاہور میں فواد عالم نے قومی اکیڈمی رپورٹ کردی جہاں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے ملاقات ہوئی۔
ان کا فٹنس ٹیسٹ منگل کو قومی اکیڈمی میں پاکستانی ٹیم کے ٹرینر گرانٹ لوڈن لیں گے۔
مکی آرتھر سے ملاقات میں ہیڈ کوچ نے فواد کو کہا کہ جب بھی ضرورت ہوئی ملک کی نمائندگی کے لیے طلب کیا جائے گا۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق کہہ چکے ہیں کہ فواد کو پلان کے تحت ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
پہلے دن فواد عالم نے اپنی ٹریننگ کی اور پریکٹس کی۔ منگل کو ٹرینر گرانٹ لیوڈن ان کی فٹنس جانچیں گے۔
سلیکٹرز اور مکی آرتھر نے فواد عالم کو ایک ہفتہ قومی اکیڈمی میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فواد عالم دو سال سےسے پاکستان ٹیم سے باہر ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی کے باوجود سلیکٹرز انہیں منتخب نہیں کررہے تھے۔
نجم سیٹھی کی مداخلت کے بعد انہیں اب نیشنل کرکٹ اکیڈمی طلب کیا گیا ہے۔