16 جولائی ، 2012
اسلام آباد … وزارت پانی وبجلی نے وزارت خزانہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کی سبسڈی کے بقایاجات میں سے 10 ارب روپے مزید جاری کرے تاکہ بجلی کی پیداوار میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ وزارت پانی و بجلی کے حکام کے مطابق وزارت خزانہ کی طرف گزشتہ مالی سال کی سبسڈی کی مد میں مجموعی طور پر 30ارب روپے کے بقایاجات ہیں جن میں سے وزارت خزانہ سے کہا گیا کہ 10ارب روپے جاری کرے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے سبسڈی بقایاجات کی مد میں وزارت خزانہ 10ارب روپے جاری کر چکی ہے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں جولائی میں اب تک 20ارب روپے کی وصولی کر چکی ہیں جبکہ جولائی کے مہینے میں وصولیوں کا 50ارب روپے کا ہدف ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ ملک میں اوسطاً ساڑھے 13ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے اور شارٹ فال مسلسل کم ہو رہا ہے۔