16 جولائی ، 2012
لاہور … وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکی سے تحفے میں ملنے والی 100 بسیں غریب بستیوں والے روٹس پر چلائی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینار پاکستان ٹینٹ آفس میں شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور سیکریٹری خزانہ و ٹرانسپورٹ نے بھی شرکت کی۔ میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی طرز پر راولپنڈی اور فیصل آباد میں ٹرانسپورٹ کمپنیاں بنائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو ٹرانسپورٹ کی معیاری، آرام دہ اور باکفایت سہولتیں فراہم کرنے پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے کے 3 بڑے شہروں لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں شہریوں کی سہولت کیلئے ایئرکنڈیشنڈ بسیں چلائی گئی ہیں۔