16 جولائی ، 2012
پشاور … قاضی حسین احمد کا کہنا ہے کہ امریکا کی پالیسیوں سے ہماری آزادی چھن گئی ہے،امریکا افغانستان سے نہیں نکلے گا۔پشاور میں نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا جاری ہے، احتجاجی دھرنے کے شرکاء 18 گھنٹے بعد باب خیبر تک مارچ کریں گے۔ باغ ناران حیات آباد میں ہونیو الے احتجاجی دھرنے میں جماعت اسلامی کے قائدین سید منور حسن، قاضی حسین احمد، لیاقت بلوچ ، پروفیسر ابراہیم خان اور دیگر رہنما شرکت کر رہے ہیں۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق امیر قاضی حسین احمد نے کہا کہ امریکا کی پالسیوں سے ہماری آزادی چھن گئی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا 70 ارب ڈالر کا نقصان ہوا اور امن بھی تباہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا افغانستان سے نہیں نکلے گا اور وہ خطے میں بھارت کو مضبوط کر رہا ہے۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بند ش ہماری اپنی آزادی کیلئے تھی۔