19 نومبر ، 2017
پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے اپنے ملازمین سے حلف لیا ہے کہ وہ آئندہ اوور بلنگ، غلط میٹرریڈنگ اور کرپشن نہیں کریں گے۔
پیسکو کے ملازمین کی حلف برداری کے لئے پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایگزیکٹو انجینئرز، ایس ڈی اوز، سپروائزرز اور میٹر ریڈرز سمیت پیسکو کے ایک ہزار اہلکار شریک تھے۔
ایک ہزار سے زائد کارکنوں نے بدعنوانی سے توبہ کرتے ہوئے حلف لیا کہ وہ نہ تو کرپشن کریں گے اور نہ اوور بلنگ میں اپنا حصہ ڈالیں گے جب کہ اس موقع پر بعض ملازمین خوش گپیوں میں مصروف رہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملازمین سے حلف لینے کا فیصلہ عوامی شکایات پر کیا گیا جس میں پیسکو اہلکاروں پر اوور بلنگ، غلط میٹر ریڈنگ اور رشوت لینے کے الزامات لگائے گئے تھے۔
سرکاری ملازمین سے کرپشن نہ کرنے کا حلف لینا اپنی نوعیت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔
حلف برداری کے موقع پر پیسکو اہلکاروں کی سنجیدگی کا یہ عالم تھا کہ اگلی صفوں پر موجود اہلکار چیف ایگزیکٹو سے حلف لیتے رہے اور پچھلی صفوں میں کھڑے اہلکار خوش گپیوں میں مصروف رہے۔