16 جولائی ، 2012
اسلام آباد…اسلام آباد میں6 ماہ سے احتجاج کرنے والے صوبہ سندھ کے ایک خاندان نے شنوائی نہ ہونے پر خودسوزی کی کوشش کی تاہم پولیس نے اسے ناکام بناتے ہوئے6 افراد کو حراست میں لے لیا۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے ایک شخص داد حسین اور اس کے خاندان کے دیگر افراد نے خود سوزی کرنے کی کوشش کی تاہم موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے اسے ناکام بناتے ہوئے 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔ اس دوران زخمی ہونے والے شخص ملوک اور دو بیہوش ہونے والی خواتین کو پولی کلینک اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔ متاثرہ خاندان کے داد حسین اور پروین بی بی نے جیو نیوز کو بتایا کہ ان کا تعلق ضلع دادو کے تعلقہ خیرپور ناتھن گوٹھ ماڈو سے ہے اور گاوٴں کے وڈیرے نے ایک لڑکی کے اغوا کا معاملہ ان کے عزیز عرس پر ڈال کر اسے کاری قرار دیا اور گرفتار کرا دیا اور پھر سب کا جینا حرام کر دیا ، ان کی دو عورتوں سمیت پانچ افراد کو اغوا کرکے بدسلوکی کی گئی، زمین پر قبضہ کرکے فصلیں بھی ہتھیا لی گئیں اور مکانوں کو آگ لگادی گئی۔