حکومتی کارکردگی سے اطمینان اور آمدنی کا دلچسپ تعلق

Smiley face


جنگ-جیو-نیوز (جے جی این) کے حالیہ سروے میں وفاقی حکومت کی کارکردگی اور لوگوں کی ماہانہ آمدنی میں ایک دلچسپ تعلق سامنے آیا ہے۔

جنگ-جیو-نیوز نے گیلپ پاکستان اور پلس کنسلٹنٹ کے اشتراک سے اکتوبر 2017 میں سرویز کا انعقاد کیا جن میں مجموعی طور پر ملک بھر سے 6 ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ 

سروے میں لوگوں سے وفاقی حکومت کی کارکردگی سے اطمینان کے حوالے سے بھی ایک سوال پوچھا گیا جس کے نتائج کا مزید باریک بینی سے جائزہ لیا گیا تو حکومت کی کارکردگی سے اطمینان اور لوگوں کی ماہانہ آمدنی کے درمیان تعلق سامنے آیا۔

مثلاً جن لوگوں کی ماہانہ آمدنی 30 ہزار روپے سے زیادہ تھی ان کی تقریباً نصف یعنی 49 فیصد حکومت سے زیادہ مطمئن تھی جب کہ 15 ہزار سے 30 ہزار روپے ماہانہ کی آمدنی رکھنے والے 46 فیصد افراد نے حکومت کی کارکردگی سے اطمینان کا اظہار کیا ۔ اسی طرح جن افراد کی ماہانہ آمدنی 15 ہزار روپے سے کم تھی ان میں سے صرف 30 فیصد افراد حکومتی کارکردگی سے مطمئن نظر آئے۔

وفاقی حکومت کی کارکردگی سے سب سے زیادہ مطمئن پنجاب (48فیصد) کے لوگ تھے جب کہ دوسرا نمبر سندھ کے لوگوں کا تھا جن کی شرح 35 فیصد تھی۔

اسی طرح شہروں میں بسنے والے افراد میں سے 46 فیصد اور دیہات میں بسنے والے افراد میں سے 39 فیصد کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔

ادارتی نوٹ:

یہ سرویز بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پاکستانی اداروں گیلپ پاکستان، پلس کنسلٹنٹ نے جنگ-جیو -نیوز (JGN)کےلیے الگ الگ کیے ہیں ۔ ان میں مجموعی طور پر ملک بھر سے شماریاتی طور پرمنتخب 6 ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا ۔

یہاں واضح رہے کہ اس پول کے لیے دو مختلف اداروں کی خدمات حاصل کرنے کا مقصد رائے عامہ کو مزید شفاف طریقے سے سامنے لانا ہے۔اس قسم کے سرویز کو حتمی تصور نہیں کیا جا سکتا اور یہ صرف رائے عامہ کا ایک جائزہ پیش کرتے ہیں اور ان میں غلطی کی گنجائش ہوتی ہے ۔

دنیا کے بڑے میڈیا ہاؤسز رائے عامہ کو جاننے کے لیے وقتاً فوقتاً اس قسم کے سروے کرواتے ہیں ۔ جیو نیوز پاکستان کا بڑا میڈیا ہاؤس ہونے کے ناطے ماضی میں بھی اس قسم کے سرویز قومی امور پر پیش کرتا رہا ہے۔



مزید خبریں :