24 نومبر ، 2017
پشاور کے علاقے حیات آباد میں خود کش حملے کے نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی ہیڈکوارٹر محمد اشرف نور شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی اشرف نور گھر سےآفس جارہے تھے کہ تاتارا پارک کے قریب خودکش حملہ آور نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
سی سی پی او طاہر خان کے مطابق خودکش حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا اور اس نے اپنی موٹرسائیکل ایڈیشنل آئی جی اشرف نور کی گاڑی سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی۔
سی سی پی او کے مطابق حیات آباد فیز 2 میں زرغونی مسجد کے قریب خودکش حملہ کیا گیا ۔
دھماکے کے نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی اشرف نور کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے جب کہ ان کا ڈرائیور زخمی ہوا۔
دھماکے کی زد میں آنے والی پولیس کی دوسری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں 8 اہلکار زخمی ہوئے۔
زخمی اہلکاروں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں طبی امداد دی جارہی ہے جب کہ 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سی سی پی او طاہر خان کا کہنا ہے کہ اشرف نور کے لئے کوئی مخصوص تھریٹ نہیں تھا۔
دوسری جانب شہید ایڈیشنل آئی جی کے زخمی ڈرائیور ذیشان نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ' ہم دفتر جارہے تھےکہ راستے میں کھڑی موٹر سائیکل میں دھماکا ہوا، گاڑی کی اگلی نشست پر اے آئی جی صاحب کا محافظ اور پچھلی نشست پر وہ خود بیٹھے تھے '۔
دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے۔
بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دھماکے میں 15 سے 20 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں 2 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
شہید کی نماز جنازہ ادا
شہید ایڈیشنل آئی جی محمد اشرف نور کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی جس میں گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، اسپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، کور کمانڈر پشاور، آئی جی پولیس سمیت سیکیورٹی فورسز کے دیگر حکام نے شرکت کی۔
پشاور خودکش حملے کی مذمتیں
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پشاور خودکش حملے کے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے حملے قوم کا عزم کمزور نہیں کرسکتے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔
پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پولیس افسر اور ن کے محافظ کی شہادت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، شہدا پوری قوم کا فخر ہے۔
شہید اے آئی جی
شہید ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کوارٹر محمد اشرف نور کا تعلق گلگت بلتستان سے تھا، انہوں نے ایم ایس سی ایگرکلچر کی ڈگری حاصل کی اور 1989 میں سول سروسز جوائن کی۔
شہید محمد اشرف نور کی پہلی تعیناتی کہوٹہ میں بطور ایس ڈی پی او ہوئی اور وہ ایس پی ٹریفک، ایس پی ہیڈ کوارٹر ایبٹ آباد، جی ڈی پی او چترال اور ڈی پی او کوہستان کے عہدوں پر بھی فائز رہے۔