پاکستان

پاکستانیوں کی اکثریت قبل از وقت انتخابات کی مخالف

— Geo News Creative

عمران خان کے اسمبلیوں کو تحلیل کرنے اور وقت سے پہلے انتخابات کے مطالبے پر جنگ جیو دی نیوز کے حالیہ سروے میں لوگوں سے سوال پوچھا گیا کہ کیا ان کے خیال میں انتخابات فوری ہونے چاہیے یا موجودہ حکومت کو 2018 تک اپنی مدت پوری کرنی چاہیے؟

گیلپ پاکستان کے نتائج کے مطابق 60 فیصد افراد کا خیال تھا کہ حکومت کو 2018 تک اپنی مدت پوری کرنی چاہیے جب کہ 40 فیصد افراد نے عمران خان کے مطالبے کی حمایت کی اور کہا کہ انتخابات جلدی ہونے چاہییں۔

گیلپ سروے نتائج میں دلچسپ چیزیں جو سامنے آئی وہ یہ کہ تھیں کہ خیبرپختون خوا کے 61 فیصد افراد نے قبل ازوقت انتخابات کی حمایت کی۔ اسی طرح پشتو بولنے والے افراد کی بھی اکثریت یعنی 60 فیصد نے عمران خان کے مطالبے کا ساتھ دیا۔

پلس کنسلٹنٹ کے سروے میں بھی اسی قسم کے نتائج سامنے آئے اور 70 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے جب کہ 30 فیصد کا خیال تھا کہ الیکشن فوری ہونے چاہییں۔

گیلپ کے سروے میں 61 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ جو بھی جماعت 2018 میں جیتے گی اسے اتحادی حکومت بنانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

گیلپ پاکستان کے سروے میں ایک تہائی سے زائد یعنی 35 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ انہیں سیاست میں دلچسپی نہیں ہے جب کہ 39 فیصد کا کہنا تھا کہ انہیں سیاست میں دلچسپی ہے۔ لیکن جب یہ پوچھا گیا کہ کیا وہ ووٹ ڈالیں گے تو 74 فیصد نے کہا کہ وہ ووٹ ڈالیں گے۔

پلس کے سروے میں بلوچستان سے 54 فیصد افراد قبل از وقت انتخابات کے حق میں نظر آئے

پلس کنسلٹنٹ کے نتائج میں بھی اکثریت یعنی 48 فیصد کا کہنا تھا کہ انہیں سیاست میں دلچسپی نہیں ہے۔ 78 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ انتخابات میں ووٹ ڈالیں گے۔



ادارتی نوٹ:

یہ سرویز بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پاکستانی اداروں گیلپ پاکستان، پلس کنسلٹنٹ نے جنگ-جیو -نیوز ((JGNکےلیے الگ الگ کیے ہیں ۔ ان میں مجموعی طور پر ملک بھر سے شماریاتی طور پرمنتخب 6 ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا ۔

یہاں واضح رہے کہ اس پول کے لیے دو مختلف اداروں کی خدمات حاصل کرنے کا مقصد رائے عامہ کو مزید شفاف طریقے سے سامنے لانا ہے۔اس قسم کے سرویز کو حتمی تصور نہیں کیا جا سکتا اور یہ صرف رائے عامہ کا ایک جائزہ پیش کرتے ہیں اور ان میں غلطی کی گنجائش ہوتی ہے ۔

دنیا کے بڑے میڈیا ہاؤسز رائے عامہ کو جاننے کے لیے وقتاً فوقتاًاس قسم کے سروے کرواتے ہیں ۔ جیو نیوز پاکستان کا بڑا میڈیا ہاؤس ہونے کے ناطے ماضی میں بھی اس قسم کے سرویز قومی امور پر پیش کرتا رہا ہے ۔

مزید خبریں :