پاکستان
Time 30 نومبر ، 2017

عیدمیلاالنبیؐ: کراچی، حیدرآباد، سکھر میں آج موبائل فون سروس بند رہیگی

کراچی: سندھ حکومت کی سفارش پر وفاقی حکومت نے سندھ کے تین شہروں کراچی، حیدر آباد اور سکھر میں سیکیورٹی خدشات کے 12 ربیع الاول کے روز موبائل فون سروس بند رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔

پاکستان بھر میں جمعہ کے روز عید میلاد النبیؐ منانے کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں اور اس سلسلے میں گلی محلوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جب کہ سرکاری عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔

12 ربیع الاول کے موقع پر سندھ حکومت نے عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے جب کہ اس حوالے سے سیکیورٹی پلان بھی مرتب کرلیا گیا ہے۔

جیونیوز کے مطابق سندھ حکومت نے عید میلاالنبی پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کے لیے وفاق کو خط لکھا تھا۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں درخواست کی گئی ہےکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں سروس معطل رکھی جائے، موبائل اور انٹرنیٹ سروس صبح 8 سے رات 8 بجے تک بندرکھی جائے۔

دوسری جانب کوئٹہ میں بھی موبائل فون سروسز بند رکھی جائیں گی۔

سیکیورٹی پلان مرتب

دوسری جانب کراچی پولیس نے 12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پلان بھی ترتیب دیدیا ہے جس کے تحت جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 23 ہزار اہلکار تعینات کیےجائیں گے،5 ہزار  پولیس اہلکار مرکزی جلوس کی گزرگاہ، داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات کیےجائیں گے۔

پلان کے مطابق پولیس موبائلز، بکتر بند گاڑیاں اور موٹرسائیکل سوار اہلکار بھی موجود ہوں گے۔


کوئٹہ میں ڈبل سواری پر پابندی

محکمہ داخلہ بلوچستان کے نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت بلوچستان نے عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر کوئٹہ میں امن وامان برقرار کیلئے ایک دن کیلئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے، یہ پابندی جمعے کی رات 12 بجے ختم ہوجائے گی۔

مزید خبریں :