06 دسمبر ، 2017
ابھی سال ختم ہوا نہیں اور ایوارڈز کی تقریبات بھی شروع ہوگئی ہیں، ایوارڈز جیتنے والوں کی فہرست سے صاف لگتا ہے کہ اس بار بھی ایوارڈزخوب ’بانٹے‘ گئے ہیں۔
اسٹار اسکرین ایوارڈز میں پچھلے سال کی ’دنگل‘ بھی شامل تھی کیونکہ اس ایوارڈ میں اس سال دسمبر میں ریلیز ہونے والی فلمیں مثلاً ’ٹائیگر زندہ ہے‘ اگلے سال کے ایوارڈز میں شامل ہونگی۔
بہترین اداکار کا اعزاز ’نیوٹن‘ کے راج کمار راؤ کو ملا تو بہترین اداکار کا پاپولر ایوارڈ عرفان خان کو دیا گیا۔ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فلم ’لپ اسٹک انڈر مائی برقعہ‘ کی کونکنا سین کو ملا تو بہترین ادکارہ (کریٹکس ایوارڈ) فلم ’تمہاری سلو‘ کی ودیا بالن کو دیا گیا۔
’ٹائیگر زندہ ہے‘ بھلے اس ایوارڈ میں شامل نہ ہو لیکن اس وقت سب سے زیادہ خبروں میں یہی فلم ہے اور لگتا ہے ’پدماوتی‘ کیلئے سب نے فی الحال صبر کرلیا ہے۔
’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں ایک بار پھر پاکستانی راک اسٹار عاطف اسلم سلمان خان کی آواز بنے ہیں اور فلم کے نئے رومانٹک گیت نے ریلیز ہوتے ہی نہ صرف دھوم مچائی بلکہ یش چوپڑا کے برف پر پکچرائز ہونے والے یادگار گانوں کی یاد تازہ کردی ہے۔
عاطف اسلم اس سے پہلے سلمان خان کی ’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’ٹیوب لائٹ‘ کیلئے بھی پلے بیک دے چکے ہیں جب کہ فلم کا ٹریلر اور گانے ابھی سے یو ٹیوب پر کامیاب ہوچکے ہیں دیکھتے ہیں فلم کتنا بزنس کرے گی ۔
اس ہفتے تو کپل شرما کی ’فرنگی‘ اور سنی لیونی کی ’تیرا انتظار‘ ریلیز ہو کر فلاپ بھی ہوچکی ہیں اور کپل کی فلم نے 6کروڑ کے قریب کمائی کی ہے تو وہیں ’تیرا انتظار‘ کا بزنس 2 کروڑ بھی نہیں ہوا ہے۔
وویا بالن ساڑھی والی بھابھی بن کر کامیاب رہیں اور فلم ’تمہاری سلو‘ ودیا کی شادی کے بعد ان کی پہلی کامیاب فلم بن گئی اور فلم کا بزنس دنیا بھر میں پچاس کروڑ کے قریب پہنچ گیا ہے۔
فلم کے 16 کروڑ کے کم بجٹ کی وجہ سے اس فلم کا کامیابی کا اسٹیٹس مل چکا ہے اور ودیا کو باکس آفس پر آخری کامیابی فلم ’کہانی‘ سے 2012 میں ملی تھی جس کے بعد ان کی ’گھن چکر‘، ’شادی کے سائیڈ ایفیکٹس‘، ’بوبی جاسوس‘ اور ’ہماری ادھوری کہانی‘ سمیت مسلسل 7 فلمیں ناکام ہوئیں۔
اسی ’تمہاری سلو‘ نے انھیں اس سال ایک ایوارڈ بھی دلوادیا اور اس فلم میں ودیا نے ریڈیو جوکی کا یادگار کردار ادا کیا ہے۔
بالی وڈ کی طرح ہالی وڈ میں بھی ’مائیک‘ کا جادو چل رہا ہے اور اینیمٹیڈ فلم ’کوکو‘ دادا دادی سے محبت کرنے والے چھوٹے راک اسٹار کی کہانی ہے جس کے سُر پوری دنیا میں بج رہے ہیں۔
فلم نے دنیا بھر سے 10 دن میں تقریبا 30 ارب پاکستانی روپے کا بزنس کرلیا ہے اور اس بزنس میں 11 ارب کی کمائی امریکی باکس آفس اور 5 ارب کی آمدنی چین سے شامل ہے۔
ہتھوڑے والے سپر ہیرو ’تھور تھری‘ کا بزنس دنیا بھر میں 82 ارب ہوچکا ہے لیکن جسٹس لیگ جس میں ’سپر مین‘، ’ونڈر وومن‘ اور ’بیٹ مین‘ کے ساتھ سپر ہیروز کی پوری بارات تھی اب تک صرف 58 ارب پاکستانی روپے سمیٹ چکی ہے۔
ان دونوں سپر ہیروز کی جنگ میں تو ہتھوڑے والا سپر ہیرو جیت گیا لیکن سپر ہیروز نے ایک اور زوردار انٹری ڈال دی اور فلم ’ایوینجرز‘ کے سلسلے کی نئی فلم اگلے سال ریلیز ہوگی لیکن اس فلم کے ٹریلر نے سب کو اپنا دیوانہ بنالیا ہے۔
فلم میں ہلک بھی ہے اور آئرن مین بھی، ڈاکٹر اسٹرینج بھی ہے اور تھور بھی ساتھ میں بہت سارے سپر ہیروز اور ہاں کیپٹن امریکا بھی ہونگے لیکن نئی شناخت نئے انداز کے ساتھ ۔
اس فلم کے ٹریلر کو پہلے ہی دن فیس بک، یو ٹیوب اور انٹر نیٹ کے دیگر پلیٹ فارمز پر 23 کروڑ ہٹس نے دنیا کا سب سے مقبول فلمی ٹریلر بنادیا ہے۔