Time 06 دسمبر ، 2017
کھیل

کیا انڈر 19 ورلڈ کپ کے لئے منتخب اسکواڈ پر اٹھنے والے سوالات درست ہیں؟

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جونئیر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی نے انڈر 19ورلڈ کپ کے لئے اسکواڈ منتخب کیا تو سلیکشن پرایک بحث شروع ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ اس سال ملائیشیا میں ہونے والے انڈر 19ایشیا کپ فائنل میں افغانستان کے ہاتھوں 186 رنز سے شکست کے بعد جونئیر سطح پر پاکستان کرکٹ کی سلیکشن پر بڑے سوالات اٹھائے گئے تھے۔

انڈر 19ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم نے فائنل ضرور کھیلا البتہ ٹیم کی کارکردگی کو کسی طور بھی غیر معمولی نہیں کہا جا سکتا۔

افغانستان سے ٹورنامنٹ میں دو بار شکست کھانے والی پاکستان ٹیم نے سری لنکا کو 3وکٹ اور یواے ای کو 226رنز سے ہرانے کے بعد سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کے خلاف ڈک ورتھ لوئیس قانون کے مطابق دو رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

ایشیا کپ میں انجری کے سبب کوئی میچ نہ کھیلنے والے زید عالم کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔

اسی طرح ٹورنامنٹ کے پانچ میچوں میں 98 رنز بنانے والے وکٹ کیپر روحیل نزئیر، چار میچوں میں 40 رنز اسکور کرنے والے محمد محسن اور پانچ میچوں میں 69رنز بنانے والے سعد خان کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں رکھا گیا ہے جب کہ ڈومیسٹک انڈر 19ون ڈے کپ میں ریکارڈ 666 رنز بنانے والے عمیر یوسف اور بغیر ایشیا کپ کھلائے بیٹس محمد علی کو ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔

ایشیا کپ کھیلنے والی ٹیم سے عمیر یوسف، عبداللہ شاہ، حماد خان، اصغر قریشی اور حیدر علی کو ڈراپ کر کے 5 نئے کھلاڑی علی زریاب، عمران شاہ، حماد عالم، ارشد اقبال اور محمد علی کو اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔

2016ء میں گوہر حفیظ کی قیادت میں پاکستان انڈر 19ٹیم کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھی۔

نیوزی لینڈ میں انڈر 19ورلڈ کپ 13جنوری سے شروع ہو رہا ہے،پاکستان کو گروپ “ڈی” میں افغانستان ،آئر لینڈ اور سری لنکا کیساتھ رکھا گیا ہے،لاہور میں دو ہفتے کے کیمپ کے بعد پاکستان ٹیم 21دسمبر کو آسٹریلیا روانہ ہوگی،جہاں وہ تین ون ڈے کھیلنے کے بعد نیوزی لینڈ میں ورلڈ کپ سے پہلے دو ون ڈے میچ کھیلے گی۔

انڈر ورلڈ کپ میں حسان خان کو کپتان بنایا گیا ہے،جو پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈئیڑ کے لئے کھیلتے ہیں ۔

مزید خبریں :