انوشکا اہلخانہ کے ساتھ اٹلی روانہ، ویرات سے شادی کی خبریں پھر گرم

بھارتی خوبرو اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کی شادی کی خبریں کافی عرصے سے گرم ہیں—۔

بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ انوشکا شرما کی اہلخانہ کے ہمراہ اٹلی روانگی نے ایک مرتبہ پھر بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی سے ان کی شادی کی خبروں کو بڑھاوا دے دیا ہے۔

انوشکا اور ویرات کی شادی کی خبریں کافی عرصے سے گرم ہیں، رواں ہفتے ان خبروں نے مزید زور پکڑا، جب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کی شادی اگلے ہفتے طے پاگئی ہے اور شادی کی تقریبات آئندہ ہفتے 9، 10 اور 11 دسمبر کو یورپی ملک اٹلی میں ہوں گی۔

رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ شادی میں کسی بھی کرکٹ اسٹار کو مدعو نہیں کیا گیا، لیکن اٹلی سے واپسی کے بعد 21 دسمبر کو ممبئی میں انوشکا اور ویرات کوہلی کی جانب سے ریسیپشن دیا جائے گا۔

تاہم انوشکا کے ترجمان نے ان خبروں کو سراسر غلط قرار دے دیا تھا، دوسری جانب ویرات کوہلی کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا۔

اور اب گذشتہ رات انوشکا شرما کی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اٹلی روانگی سے یہ قیاس کیا جارہا ہے کہ شاید شادی کے حوالے سے آنے والی میڈیا رپورٹس درست ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جمعرات (7 دسمبر) کی رات انوشکا شرما کو اپنے اہلخانہ کے ساتھ ممبئی ایئر پورٹ پر دیکھا گیا، جہاں سے انہوں نے اٹلی کے شہر میلان جانے کے لیے فلائٹ لی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انوشکا نے نا تو خود میڈیا سے بات کی اور نا ہی ان کے والد اجے کمار شرما نے کسی سوال کا جواب دیا اور میڈیا کو نظر انداز کرتے ہوئے جلدی سے ایئر پورٹ کے اندر داخل ہوگئے۔




اب انوشکا کی اٹلی روانگی سے شادی کی خبروں نے دوبارہ سر ابھارنا شروع کردیا ہے، تاہم فی الوقت انوشکا کے آفیشلز کی جانب سے کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔

’ویرات اور انوشکا کو آسٹریلین اسٹیڈیم میں شادی کرنے کی پیشکش‘

آسٹریلین ایڈیلیڈ اوول اسٹیڈیم کے سی ای او اینڈریو ڈینیلز نے بھارتی نیوز سائٹ ہندوستان ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم انوشکا اور ویرات کوہلی کو ان کی شادی آسٹریلین اسٹیڈیم میں کرنے کے لئے مدعو کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بے حد خوشی ہوگی اگر ان دونوں کی شادی  ایڈیلیڈ اوول اسٹیڈیم میں ہو اور ہم میزبانی کریں کیونکہ ویرات کوہلی نے اس اسٹیڈیم سے ہی اپنی کامیابی کی تاریخ رقم کی تھی۔ 

فی الحال ویرات کوہلی خاموش ہیں تاہم ہوسکتا ہے کہ انوشکا چھٹیاں گزارنے کے لیے اٹلی روانہ ہوئی ہوں، لیکن یہ بھی سچ ہے کہ مداحوں کو انوشکا اور کوہلی کے ایک ہونے کا بے صبری سے انتظار ہے اور وہ دعاگو ہیں کہ جلد ہی یہ افواہیں سچ ہوجائیں۔ 

مزید خبریں :