پاکستان
Time 09 دسمبر ، 2017

طاہر القادری سے ملاقات کیلئے مصطفیٰ کمال لاہور پہنچ گئے

مصطفیٰ کمال کے ساتھ سیکریٹری جنرل رضا ہارون اور وائس چیئرمین افتخار رندھاوا بھی لاہور پہنچے—۔جیو نیوز اسکرین گریب

لاہور: پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال اپنے وفد کے ساتھ لاہور پہنچ گئے، جہاں ان کی پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات ہوگی۔

مصطفیٰ کمال کے ساتھ پی ایس پی کے سیکریٹری جنرل رضا ہارون اور وائس چیئرمین افتخار رندھاوا بھی لاہور گئے ہیں۔

لاہور پہنچ کر میڈیا سے گفتگو میں مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے اور انہیں یہاں آکر خوشی ہورہی ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ 'عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری ملنا چاہتے ہیں اور اپنا موقف سامنے رکھنا چاہتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ملک میں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں، بیوروکریسی اور وزراء ایک شخص کو بچانے کے لیےکوششیں کررہے ہیں'۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ 'نواز شریف اس ملک میں سیاست نہیں کرسکتے، اعلیٰ عدلیہ نے انھیں نااہل قرار دیا ہے، اگر وہ اداروں کا حکم نہیں مانیں گے تو ملک نہیں چل سکتا'۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز ڈاکٹر طاہر القادری اور مصطفی کمال کا ٹیلفونک رابطہ ہوا تھا، جس کے دوران سربراہ عوامی تحریک نے ماڈل ٹاؤن سانحہ اور باقر نجفی رپورٹ پر پارٹی مؤقف کا ساتھ دینے اور حمایت میں کھل کر بیان دینے پر مصطفیٰ کمال کا شکریہ ادا کیا اور انہیں لاہور آ کر ملاقات کی دعوت دی تھی، جسے پی ایس پی سربراہ نے قبول کرلیا تھا۔

طاہر القادری اور مصطفیٰ کمال کی ملاقات کے دوران ماڈل ٹاؤن رپورٹ پر تفصیلی بات چیت اور اس کے مندرجات کو سامنے رکھتے ہوئے مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

مزید خبریں :