Time 12 دسمبر ، 2017
پاکستان

مسلم لیگ (ن) کے 3 ارکان پنجاب اسمبلی باضابطہ مستعفی

نظام الدین سیالوی، مولانا رحمت اللہ اور محمد خان بلوچ اپنی نشستوں سے مستعفی ہوگئے—۔فوٹو/جیو نیوز

لاہور: حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے 3 ارکان پنجاب اسمبلی باضابطہ طور پر مستعفی ہوگئے اور ان کے استعفے اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہوگئے۔

پیر حمیدالدین سیالوی کے کہنے پر پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے 3 ارکان نظام الدین سیالوی، مولانا رحمت اللہ اور محمد خان بلوچ اپنی نشستوں سے مستعفی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق پیر حمید الدین سیالوی کے نمائندے محمد نواز نے تینوں استعفے اسپیکر آفس کو پیش کیے۔

نظام الدین سیالوی حلقہ پی پی 37 سرگودھا، مولانا رحمت اللہ پی پی 74 چنیوٹ جبکہ محمد خان بلوچ پی پی 81 جھنگ سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

ارکان اسمبلی کے استعفوں میں موقف اپنایا گیا کہ ختم نبوت پر گستاخانہ بیان پر پنجاب حکومت نے توجہ نہیں دی، اس لیے ارکان احتجاجاً استعفے دے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ختم نبوت کے حلف نامے میں ترمیم کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے کئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

رواں ماہ 6 دسمبر کو درگاہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیر حمید الدین سیالوی نے مسلم لیگ (ن) سے اپنی راہیں جدا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

خواجہ حمید الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ ختم نبوت ﷺ کے معاملے پر وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے استعفے کا مطالبہ حتمی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں کہ ہم نے کوئی ڈیل کر لی ہے لیکن اب ہمارا مسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

بعدازاں 10 دسمبر کو فیصل آباد میں ایک جلسے کے دوران مسلم لیگ (ن) کے 2 اراکین قومی اسمبلی اور 3 اراکین پنجاب اسمبلی نے اپنے سیاسی مستقبل کے فیصلے کا اختیار درگاہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیر حمید الدین سیالوی کے سپرد کردیا تھا۔

مزید خبریں :