Time 12 دسمبر ، 2017
دنیا

ٹرمپ کے دور صدارت میں امریکا میں کرپشن میں اضافہ ہوا: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک سالہ دور صدارت میں امریکا میں کرپشن میں اضافہ ہوا۔

کرپشن پر نظر رکھنے والے بین الاقوامی ادارے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے کیے جانے والے سروے کے مطابق ہر 10 میں سے 6 امریکی شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے ایک سالہ دور صدارت میں کرپشن میں اضافہ ہوا۔

سروے کے مطابق 44 فیصد امریکیوں کا ماننا ہے کہ کرپشن کا ناسور وائٹ ہاؤس میں موجود ہے، جو کانگریس کی حکومت کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے نمائندہ برائے امریکا زیو ریٹر کا کہنا ہے کہ ہمارے منتخب نمائندے واشنگٹن کی عوامی خدمت کی قابلیت پر اعتماد قائم کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تاحال کارپوریٹ اشرافیہ کے مفادات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ 10 میں سے 7 امریکی سمجھتے ہیں کہ حکومت کرپشن پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے اور 2016 کے مقابلے میں کرپشن کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدارسنبھالتے وقت واشنگٹن کو دلدل سے نکالنے اور کارپوریٹ مافیا کا خاتمہ کرنے کا عہد کیا تھا لیکن وہ خود کو اپنے عالمی سطح پر پھیلے کاروبار سے علیحدہ نہیں کر پائے۔

ناقدین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے مفادات کا واضح تضاد قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں میں صدر کا خاندان اثر انداز ہو رہا ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق اکتوبر اور نومبر میں کیے جانے والے سروے میں 1005 افراد سے سوالات پوچھے گئے اور اس سروے کے نتائج میں تین فیصد تک غلطی کی گنجائش ہے۔

مزید خبریں :