15 دسمبر ، 2017
لاہور: مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی نے نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوکر سوالنامہ جمع کردیا۔
قومی احتساب بیورو(نیب) لاہور نے چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کے 1985 سے اب تک کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کی تھیں اور اس سلسلے میں ان کے خلاف کیس دوبارہ کھولا گیا تھا۔
نیب نے چوہدری برادران کو گزشتہ ماہ 6 تاریخ کو طلب کیا تھا جس پر مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں نے نیب ٹیم کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا جب کہ اس دوران نیب ٹیم نے انہیں ایک سوالنامہ بھی دیا تھا۔
جیونیوز کےمطابق گزشتہ پیشی پر نیب ٹیم نے چوہدری برادران کو سوالنامہ مکمل کرکے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی لیکن چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی نے یہ سوالنامہ جمع نہیں کرایا جس پر نیب نے انہیں آج طلب کیا تھا۔
چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی آج نیب لاہور کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے نیب کا سوالنامہ تین رکنی ٹیم کو جمع کرایا جو 50 سوالات پر مشتمل تھا۔
نیب کے سوالنامے میں جائیداد کی خریدوفروخت اور دیگر اثاثوں سے متعلق پوچھا گیا تھا، نیب حکام نے چوہدری برادران اور ان کے بچوں کی جائیداد کے بارے میں ڈپٹی کمشنر لاہور اور گوجرانوالہ سے بھی حکومتی سطح پر تفصیلات طلب کی تھیں جنہیں چوہدری برادران کی دی گئی معلومات سے میچ کیا گیا۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ نیب کی تین رکنی ٹیم سوالنامے سے متعلق چوہدری برادران سے پوچھ گچھ کی اور 45 منٹ کی گفتگو کے بعد چوہدری برادران واپس روانہ ہوگئے۔