Time 20 دسمبر ، 2017
پاکستان

ظافر قتل کیس: پولیس نے عدم شواہد کی بنا پر تین ملزمان کو رہا کردیا

تین دسمبر کو کراچی کے علاقے سی ویو پر فائرنگ سے نوجوان ہلاک ہوگیا تھا۔ فوٹو/ فائل

کراچی: پولیس نے ظافر زبیری قتل کیس میں تین ملزمان کو عدم شواہد کی بنا پر رہا کردیا۔

رواں ماہ 3 دسمبر کو کراچی کے ساحلی مقام سی ویو روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان ظافر زبیری ہلاک جب کہ ایک زخمی ہوگیا تھا۔

پولیس نے واقعے کے بعد ملزم خاور برنی سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کیا تھا جن میں سے ایک ملزم عبدالرحمان نے اپنے اقبالی بیان میں بتایا کہ تین دسمبر کو عبدالرحیم کے ہمراہ گاڑی پر سی ویو گیا، سی ویو ٹریک پرعبدالرحیم کے دوست خاور برنی، حماد اور جنید شاہ موجود تھے۔

جیونیوز کے مطابق پولیس نے آج ظافر زبیری قتل کیس کے 3 ملزمان کو بے گناہ قرار دینے کی رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان حسن برنی، حیدر حسین اور رضا برنی کا کیس سے تعلق ثابت نہیں ہوا اور ان کے خلاف کوئی شواہد نہیں ملے جب کہ عینی شاہدین نے بھی انہیں شناخت نہیں کیا لہٰذا انہیں رہا کیا جارہا ہے۔

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ کیس کے دو ملزمان مرکزی ملزم خاور برنی اور عبدالرحمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔


مزید خبریں :