پاکستان
Time 23 دسمبر ، 2017

’جرم ثابت ہونے پر بھی جہانگیر ترین کا کیس نیب کو کیوں نہیں بھیجا گیا؟‘

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ انسائڈر ٹریڈنگ میں فراڈ اور جرم ثابت ہونے کے بعد بھی جہانگیر ترین کا کیس نیب کو کیوں نہیں بھیجا گیا۔

سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ ’’یاد رہے کہ جہانگیر ترین کا جرم بیٹے سے تنخواہ نہ لینا نہیں تھا بلکہ انہوں نے اختیارات کے ناجائز استعمال سے اپنے کاروبار کو پھیلایا۔ نیب کیس؟‘‘

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر پوچھا کہ ’’مشرف دور میں بطور وزیر اختیارات کا ناجائز استعمال ثابت ہونے پر جہانگیر ترین سے عوام کی لوٹی دولت واپس لینے میں احتساب کا راستہ کس نے روکا؟‘‘

مریم نواز نے یہ بھی پوچھا کہ ’’انسائڈر ٹریڈنگ میں فراڈ کے اعتراف اور مجرم ثابت ہونے پر بھی جہانگیر ترین کا کیس نیب کو کیوں نہیں بھیجا گیا؟‘‘




مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ میرے کیس کا موازنہ کرنا بہت ہی مضحکہ خیز ہے، میں نے اپنی لندن جائیداد کی تمام تفصیلات فراہم کیں جب کہ نواز شریف نے صرف ایک قطری خط جمع کرایا وہ بھی جھوٹا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی مریم بی بی کو فیصلے کا اردو ترجمہ کروا کر دیدے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا جب کہ اسی کیس میں عمران خان کو اہل قرار دیا تھا۔

اس فیصلے کے بعد جہانگیر ترین نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے انہیں ٹرسٹ ڈیڈ کی غط تشریح پر نااہل قرار دیا جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا تھا کہ اس کیس میں نظر ثانی کی گنجائش موجود ہے۔

مزید خبریں :